نئی دہلی، 14 جنوری (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی اور سیاسی استحکام کے لیے ‘ایک ملک ایک انتخاب اہم ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ہر طبقہ کو فائدہ ہوگا اور عوامی فلاح و بہبود کے کام کاج میں کئی گنا اضافہ ہو سکے گا۔ مسٹر چوہان نے یہ بات آج یہاں پنججنیہ کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں ایک ملک ایک انتخاب کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملک ایک الیکشن کے حوالے سے بل کا مسودہ تیار ہے اور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی اس پر غور کر رہی ہے۔ ملک کے عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ انتخابات 5 سال کے لیے ہوں۔اس خیال سے متعلق تنازعہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی وقت میں کرانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انتخابات ایک ہی تاریخ کو ہوں گے۔ یہ مختلف مراحل میں کیا جا سکتا ہے۔ جس طرح اس وقت لوک سبھا کے انتخابات مرحلہ وار طریقے سے کرائے جاتے ہیں، اسی طرح لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیاں بھی مرحلہ وار ملک میں ہر جگہ منعقد کی جا سکتی ہیں۔مسٹر چوہان نے کہا کہ بل لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ منعقد کرنے کی بات کرتا ہے، لیکن شہری اور دیہی بلدیاتی اداروں اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے انتخابات بھی ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔ یہ کام تین سے چار ماہ میں مکمل ہو سکتا ہے۔