سڈنی، 12 جون (یو این آئی) ہندوستان کے اسٹار شٹلر ایچ ایس پرنئے بدھ کو مردوں کے سنگلز میچ میں برازیل کے یگور کوئلو کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں داخل ہو گئے۔ عالمی بیڈمنٹن رینکنگ میں 10ویں نمبر پر موجود پرنئے نے بی ڈبلیو ایف سپر 500 مقابلے میں اپنے راؤنڈ آف 32 کے میچ میں 47 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 49ویں نمبر کے برازیل کے یگور کوئلو کو 21-10، 23-21 سے شکست دی۔اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان کے ٹاپ شٹلر پرنئے کا مقابلہ راؤنڈ آف 16 میں عالمی نمبر 53 اسرائیل کے میشا زلبرمین سے ہوگا۔ زلبرمین نے اس سے قبل ہندوستان کے ابھیشیک یلیگر کو 21-9، 21-15 سے شکست دی تھی۔ دریں اثنا، کرن جارج نے ابتدائی راؤنڈ میں کینیڈا کے ژیاؤڈونگ شینگ کو 21-17، 21-10 سے شکست دی اور اگلے میچ میں ان کا مقابلہ جاپان کے ساتویں سیڈ کینتا نیشیموٹو سے ہوگا۔
متھن منجوناتھ کو انڈونیشیا کے علوی فرحان سے 21-17، 21-17 سے شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔ خواتین کے سنگلز میں آٹھویں سیڈ اکرشی کشیپ نے پہلے راؤنڈ میں یوکرین کی پولینا بوہارووا کو سیدھے سیٹوں میں 21-14، 21-11 سے شکست دی۔ دوسرے راؤنڈ میں آکرشی کا مقابلہ آسٹریلیا کے کائی کیو تیوہ سے ہوگا۔ مالویکا بنسوڈ، جنہوں نے ہم وطن کیورا موپتی کو 21-10، 21-18 سے شکست دی تھی، ان کا مقابلہ ساتویں سیڈ انڈونیشیا کی ایسٹر ٹرائی وردویو سے ہوگا۔ انوپما اپادھیائے نے بھی 47 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ملائیشیا کی وونگ لنگ چونگ کو 21-14، 23-21 سے شکست دی۔ راؤنڈ آف 16 میں ان کا مقابلہ انڈونیشیا کی چھٹی سیڈ پوترا کسوما وردانی سے ہوگا۔ مکسڈ ڈبلز کے زمرے میں ہندوستانی شٹلرس بی سومیت ریڈی اور این سکی ریڈی نے ملائیشیا کی جوڑی وونگ ٹائین سی اور لم چیو ہسین کو 39 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 21-17، 21-19 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی۔ راؤنڈ آف 16 میں ان کا مقابلہ آسٹریلیا کے کائی چن تیوہ اور کائی کوئی تیوہ سے ہوگا۔