لارڈز، 10 جولائی (یو این آئی) گس اٹکنسن (سات وکٹ) کی مہلک گیند بازی کی بدولت انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں صرف 121 رنز پر آؤٹ کر دیا اور پھر بلے بازی کرتے ہوئے ایک وکٹ پر 88 رنز بنا کر میچ پر مضبوط گرفت کر لی۔ لارڈز میں آج انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے گس اٹکنسن نے مہلک باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں صرف 121 رنز پر آؤٹ کر کے میچ کو یادگار بنا دیا۔ اس کے ساتھ ہی ایٹکنسن انگلینڈ کے لیے ڈیبیو ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔ میکائل لیوس (27)، کیویم ہوج (24)، لک اتھاناجے (23)، جیسن ہولڈر (0)، جوشوا ڈی سلوا (0)، الزاری جوزف (17) اور شمر جوزف (0) آؤٹ ہوئے۔ گڈاکیش موتی (14) 14 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 41.4 اوورز میں 121 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکنسن نے سات وکٹیں حاصل کیں۔ جیمز اینڈرسن، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ آج کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے ایک وکٹ پر 88 رنز بنا لیے تھے۔ جیک کرولی (38) اور اولی پوپ (42) رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔ انگلینڈ کی واحد وکٹ بین ڈکٹ (3) کی صورت میں گری۔ انہیں جیڈن سیلز نے آؤٹ کیا۔