لکھنو10جولائی:رام مندر کی تعمیر کی شروعات سے ہی ایودھیا سرخیوں میں ہے۔ کبھی لاکھوں کی زمین کروڑوں میں خریدنے کے حوالے سے تو کبھی اس کے مذہبی سیاحتی مرکز بنانے کے حوالے سے۔ حال میں ایودھیا کا ذکر لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کے امیدوار کے شکست اور سماجوادی پارٹی کے امیدوار کی جیت کے حوالے سے بھی ہوا۔ مگر اب ایودھیا کے حوالے سے جو خبر آئی ہے وہ وہاں پر ہو رہی بڑے پیمانے پر زمین کی خریداری سے متعلق ہے۔ اتر پردیش کے اس مذہبی شہر میں زمین کی خریداری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بڑی بڑی شخصیات سے لے کر سرکاری افسران و لیڈران نے یہاں زمینیں خریدی ہیں۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ایودھیا ریئل اسٹیٹ کا ایک اہم مقام بن گیا ہے۔ نومبر 2019 سے مارچ 2024 تک ایودھیا میں زمین کی رجسٹریوں سے پتہ چلتا ہے کہ ایودھیا اور آس پاس کے اضلاع گونڈہ و بستی کے کم از کم 25 گاؤں میں زمین کے لین دین کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان میں سے کئی سودے سیاست دانوں اور افسران کے خاندان کے افراد یا ان سے وابستہ لوگوں نے کیے ہیں۔