لکھنو27مارچ: ایودھیا واقع رام مندر احاطہ میں گولی چلنے کا حادثہ پیش آیا ہے۔ مندر احاطہ میں تعینات ایک پی اے سی جوان کو مشتبہ حالت میں گولی لگ گئی ہے جس کی حالت اس وقت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمی جوان کو لائف سپورٹ سسٹم کے ساتھ لکھنؤ کے ٹراما سنٹر ریفر کیا گیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9‘ کے مطابق اس حادثہ کی جانکاری ملنے کے بعد موقع پر پہنچے آئی جی ایودھیا رینج پروین کمار نے بتایا کہ حادثاتی طور پر چلی گولی سیکورٹی جوان کے سینے کے پار ہو گئی ہے۔ حالانکہ فی الحال یہ جانکاری نہیں مل پائی ہے کہ گولی خود جوان کے اسلحہ سے چلی تھی یا کسی دیگر سیکورٹی اہلکار کے اسلحہ سے۔ اس سلسلے میں تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔ شروعاتی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ پی اے سی کا ایک پلاٹون کمانڈر گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے جس کا نام رام پرساد ہے۔ 53 سالہ یہ جوان رام جنم بھومی احاطہ کی سیکورٹی میں تعینات تھا۔ منگل کی شام اچانک گولی چلی جو اس کے سینے سے پار ہو گئی۔ گولی چلنے کی آواز سن کر آس پاس موجود سیکورٹی جوان فوراً وہاں پہنچے اور آناً فاناً میں زخمی جوان کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا۔ نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے رام پرساد کو لائف سپورٹ سسٹم کے ساتھ لکھنؤ کے ٹراما سنٹر ریفر کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی کمانڈو رام پرساد امیٹھی کا رہنے والا ہے، جبکہ اس کا کنبہ لکھنؤ میں ہرتا ہے۔ وہ 32ویں واہنی پی اے سی میں تعینات تھا۔ یہ حادثہ پیش آنے کے بعد وہاں موجود جوانوں سے پوچھ تاچھ شروع کر دی گئی ہے، اور یہ جاننے کی کوشش ہو رہی ہے کہ آخر گولی کس اسلحہ سے چلی اور ایسا کیونکر ہوا۔