نئی دہلی 20مارچ: لوک سبھا میں جمعرات (20 مارچ) کو ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی جم کر ہنگامہ ہوا۔ اس کے بعد کارروائی کو دوبارہ شروع کیا گیا، لیکن ہنگامے کی وجہ سے کچھ ہی منٹوں میں کارروائی جمعہ کی صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ یہ سارا ہنگامہ ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے خاص نعرے والے ٹی شرٹ پہن کر آنے کو لے کر ہوا۔ ان ٹی شرٹ میں ڈی ایم کے اراکین پارلیمنٹ نے ایک نعرہ لکھوایا تھا، جس پر اسپیکر نے اعتراض کیا۔ اس دوران بی جے پی سمیت این ڈی اے کے اراکین پارلیمنٹ نے بھی جم کر ہنگامہ کیا۔ ٹی شرٹ میں جو نعرہ لکھا تھا، وہ تھا ’’تمل ناڈو لڑے گا، تمل ناڈو جیتے گا، حد بندی میں انصاف ہو۔‘‘ ڈی ایم کے اراکین پارلیمنٹ کے اس طرح نعرہ لکھے ٹی شرٹ پہن کر پہنچنے پر اسپیکر اوم برلا نے سخت اعتراض کیا اور کہا کہ کچھ ارکان ایوان کے وقار کی پاسداری نہیں کر رہے ہیں۔ ایسا کرنا پارلیمنٹ کے وقار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ایسی حرکت کرنے سے قبل اراکین پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ کا رول 349 پڑھ لینا چاہیے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’’اگر آپ ایسے ٹی شرٹ پہن کر آئیں گے جس پر نعرے لکھے ہوں تو ایوان کی کارروائی نہیں چلے گی۔ اگر آپ ان ٹی شرٹس کو اتار کر آئیں گے، تبھی ایوان چلے گا۔‘‘ واضح ہو کہ ٹی شرٹ پہن کر آنے والے زیادہ تر اراکین پارلیمنٹ ڈی ایم کے سے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ حد بندی میں تمل ناڈو کو نقصان ہو سکتا ہے۔ اس لیے ہم پہلے سے ہی آگاہ کر رہے ہیں کہ ایسی کوئی ناانصافی نہ کی جائے۔ قابل ذکر ہے کہ ہنگامے کی وجہ سے اسپیکر نے پہلے ایوان کی کارروائی کو 12 بجے تک کے لیے ملتوی کیا۔