بھوپال، 24 جنوری (ایجنسی) مدھیہ پردیش میں 75 واں یوم جمہوریہ انتہائی جوش و خروش اور وقار کے ساتھ منایا جائے گا۔ مرکزی تقریب 26 جنوری کو صبح 9 بجے بھوپال کے لال پریڈ گراونڈ میں منعقد ہوگی۔ گورنر منگو بھائی پٹیل مہمان خصوصی ہوں گے۔ یوم جمہوریہ کی تقریبات پر منعقد ہونے والی مشترکہ پریڈ اور ثقافتی پروگراموں کی آخری ریہرسل بدھ کو لال پریڈ گراونڈ پر کی گئی۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سدھیر کمار سکسینہ نے پریڈ اور تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
یوم جمہوریہ کی فل ڈریس فائنل ریہرسل کے دوران ساتویں بٹالین کے ہیڈ کانسٹیبل رام چندر سنگھ کشواہا نے علامتی طور پر مہمان خصوصی کا کردار ادا کیا اور پرچم کشائی کی اور مشترکہ پریڈ کی سلامی لی۔ خوشی فائر کے درمیان پولیس بینڈ نے انسپکٹر سنیل کٹارے کی ہدایت میں ’’جن گن من‘‘ کی دھن بجائی۔ مہمان خصوصی کا پیغام بھی علامتی طور پر پڑھ کر سنایا گیا۔
خوشی فائر کے بعد پولیس بینڈ کی سریلی دھنوں کے درمیان ایک پرکشش مشترکہ پریڈ نکالی گئی۔ پریڈ کی قیادت انڈین پولیس سروس کے سال 2020 بیچ کے افسرکھرگون کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آنند کلادگی نے کی۔ پریڈ ٹو آئی سی کی ذمہ داری ایس ڈی او پی باراسیونی بالاگھاٹ ابھیشیک چودھری نے نبھائی۔ مشترکہ پریڈ میں گجرات ریزرو پولیس فورس، کیولری ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ سمیت 19 دستوں نے حصہ لیا۔
مشترکہ پریڈ کے بعد مختلف اسکولوں کے طلبہ اور محکمہ ثقافت کی جانب سے رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں کی فائنل ریہرسل کی گئی۔ ثقافتی پروگرام میں سنت ہردارام نگر (بیراگڑھ) کے نوندھ ہاسومل لکھانی پبلک اسکول کی 60 طالبات نے ’’سر پر ہمالیہ کا تاج ہے‘‘ گانے پر حب الوطنی پر مبنی رقص پیش کیا۔ وہیں ریڈ روز اسکول لامباکھیڑا کے طلبہ نے ’’وسودھیو کٹمبکم‘‘ گانے پر رقص پیش کیا۔ ریہرسل کے دوران 13 سرکاری اسکولوں کے 171 طلبہ نے مشترکہ طور پر حب الوطنی کا مظاہرہ کرنے والا رقص ’’دیش راگ‘‘ پیش کیا، جسے شویتا دیویندر، شما مالویہ اور دیویندر دباڑے نے ترتیب دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش کے لوک رقص اور لوک گیتوں کی سریلی پیش کش بھی دی گئی۔ اس میں ساگر کی بریدی اور بدھائی، بڑواہ کا گنگور، دھار کا بھاگوریا اور سیدھی کا اہیرائی لوک رقص پیش کیا گیا۔ اس دوران 250 فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے تمام حاضرین کو مسحور کر دیا۔
یوم جمہوریہ پریڈ کے دوران باغبانی اور فوڈ پروسیسنگ، کاٹیج اینڈ ولیج انڈسٹریز، محکمہ کسان فلاح و بہبود اور زراعت، محکمہ جیل، محکمہ الیکشن، محکمہ مویشی پروری، محکمہ ٹورزم بورڈ، محکمہ ماہی پروری، ریاستی کوآپریٹو یونین لمیٹڈ محکمہ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلاک محکمہ اور محکمہ جنگلات کی جھانکیاں حصہ لیں گی۔
فل ڈریس پریکٹس پریڈ کے دوران ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ایس اے ایف ساجد فرید شاپو، بھوپال ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر پون شرما، بھوپال پولیس کمشنر ہری نارائن چاری مشر اور کلکٹر کوشلیندر وکرم سنگھ اور دیگر سینئر پولیس اور انتظامی افسران موجود تھے۔