بھوپال، 26 مارچ (رپورٹر) ریاست کے سرکاری اور نجی اسکولوں کا تعلیمی سیشن یکم اپریل سے شروع ہوگا۔ اس کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نئے تعلیمی سیشن 2024-25 میں سرکاری اسکولوں کے اندراج اور مشق کے لیے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ پہلے ایک ماہ تک طلباء کو بنیادی تعلیم کے لیے مشق کرائی جائے گی۔ اس کے بعد جون میں جب اسکول کھلیں گے تو نئی کلاس کی پڑھائی شروع ہو جائے گی۔سیشن کے آغاز میں طلباء کو 30 اپریل تک سائنس، ریاضی اور زبان کے مضامین کے مشکل تصورات کی مشق کرائی جائے گی تاکہ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد اسکول کھلنے پر طلباء کو پڑھائی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ یکم اپریل کو بچوں کی میٹنگ اور خصوصی بھوج کا اہتمام کیا جائے گا۔ طلباء کا تلک لگا کر استقبال کیا جائے گا۔ ہر ماہ کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کا کیلنڈر جاری کیا گیا ہے۔پہلی سے چوتھی، چھٹی اور ساتویں جماعت کے مقامی امتحانی نتائج کا اعلان 28 مارچ تک کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے نتائج کا اعلان اپریل کے تیسرے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔ سیشن 24-2023 میں 5ویں اور 8ویں جماعت میں پڑھنے والے طلباء کو یکم اپریل سے اگلی کلاس میںداخلہ دیا جائے۔
اسٹیٹ ایجوکیشن سنٹر کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اپریل کے پہلے پکھواڑے (پندرہ دن) میں 3 سے 13 اپریل کے درمیان والدین کو مدعو کیا جائے گا اور انہیں پچھلے سال کے طلباء کی تعلیمی حالت کے ساتھ ساتھ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر منعقد کی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔