بھوپال، 13 فروری (رپورٹر) ریاست کی سڑکوں کو گڈھے سے پاک بنانے کے لیے محکمہ تعمیرات عامہ اب ہائی ٹیک نگرانی کا نظام نافذ کرنے جا رہا ہے۔ اس کے لیے ’’پوٹہول رپورٹنگ سٹیزن موبائل ایپ‘‘ جلد ہی لانچ کی جائے گی۔ اس ایپ کے ذریعے عام شہری اپنے موبائل سے گڈھوں کی جیو ٹیگ شدہ تصاویر بھیج سکیں گے۔ جی پی ایس لوکیشن کے ساتھ گڈھوں کی تصویر متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو موصول ہوگی۔
مقررہ مدت میں سڑک کی بہتری کے بعد متعلقہ انجینئر سدھار کے کام کی تصویر دوبارہ موبائل ایپ کے ذریعے اپ لوڈ کریں گے، متعلقہ شہری کو اس کی معلومات بھی دی جائے گی۔ ریاستی سطح سے شکایات کی نگرانی اور حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ تعمیرات عامہ وزیر راکیش سنگھ نے اسمبلی میں یہ جانکاری دی۔
انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت میں کام مکمل نہیں کرنے اور دوبارہ اس کی تصویر اپ لوڈ نہیں کرنے والے انجینئرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سے مستقبل میں سڑکوں پر گڈھوں کی شکایات میں کمی آئے گی اور حکومت اور محکمہ کے ساتھ عام لوگوں کی براہ راست حصہ داری ہوگی۔
وہیں وقفہ سوال کے دوران جورا کے ایم ایل اے پنکج اپادھیائے نے ٹول روڈ پر غیر قانونی وصولی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ لاگت سے تین سے چار گنا ٹول وصولا جاچکا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت عوام کی ہے یا ٹھیکیداروں کی؟ اس پر تعمیرات عامہ وزیر راکیش سنگھ نے کہا کہ یہ ٹول 15 سال سے ہے۔ اس پر مکمل رپورٹ تیار کی ہے۔ مختلف ایم او یو ہوتے ہیں۔ اس میں سڑک کی دیکھ بھال بھی شامل ہے۔ اس میں رقم پر لیا جانے والا سود بھی شامل ہے۔
کانگریس ایم ایل اے جھوما سولنکی نے سڑک کی خراب حالت کا مدعا اٹھایا۔ اس پر تعمیرات عامہ وزیر راکیش سنگھ نے ایوان کو بتایا کہ جلد ہی موبائل ایپ کی مدد سے گڑھوں کو بھر دیا جائے گا۔ عام لوگ اپنے موبائل پر گڑھوں کی تصاویر لے کر ایپ پر بھیجیں گے۔ یہ تصویر متعلقہ ضلع حکام تک پہنچ جائے گی۔ ان سڑکوں کو مقررہ مدت میں مرمت کرنا ہو گا۔ ان کا احتساب یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مرمت کے بعد افسر کو یہ بتانے کے لیے تصویر اپ لوڈ کرنی ہوگی کہ کام مکمل ہو گیا ہے۔
اسی طرح ایم ایل اے رام سیا بھارتی نے اچھی سڑکیں بنانے کا مسئلہ بار بار اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بڑا ملہاڑہ میں سڑکوں کا معیار ٹھیک نہیں ہے۔ سڑک کی تعمیر کی جانچ کی جائے۔ اس پر شہری انتظامیہ کے وزیر نے کہا کہ اگر بار بار اچھی سڑکیں بن رہی ہیں تو اس کی جانچ کی جائے گی۔