بھوپال، 25 فروری (رپورٹر) کانگریس مارچ کے پہلے پکھواڑے (پندرہ دن) میں لوک سبھا انتخابات کے لیے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔ اس حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔ اس بار نئے چہروں کو بھی موقع دیا جائے گا۔ انتخابات میں بی جے پی کی طرف سے دی گئی جھوٹی ضمانتوں کو عام لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔ ریاستی ایگزیکٹو بھی جلد تشکیل دی جائے گی۔ 2 مارچ کو راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا مدھیہ پردیش میں داخل ہوگی۔
کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اتوار کو ریاستی کانگریس نے لوک سبھا انتخابات اور راہل گاندھی کی نیائے یاترا کے حوالے سے ایک آن لائن میٹنگ کی۔ اس میں منڈلم سیکٹر، بلاک، ضلع صدر اور انچارج، تمام سیل کے صدور، شعبہ جات کے سربراہان ورچوئلی جڑے۔ میٹنگ کو سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، راجیہ سبھا ممبران دگ وجے سنگھ، وویک تنکھا، سابق ریاستی صدر ارون یادو، ریاستی انچارج بھنور جتیندر سنگھ، اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار، کملیشور پٹیل اور پی سی سی چیف جیتو پٹواری نے خطاب کیا۔میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں عوام سے رابطہ کرنے پر بات چیت ہوئی۔ اس میں کارکنوں سے کہا گیا کہ وہ مرکز کی مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے ساتھ بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کو ہر گھر تک لے جائیں۔ نیز تمام کارکنوں اور عہدیداروں سے متحد ہوکر راہل کی نیائےیا یاترا میں شامل ہونے کو کہا گیا۔ میٹنگ میں راہل کی ریلی میں پانچ سے چھ اضلاع کے کارکنان شرکت کریں گے۔
راہل گاندھی کی یاترا ریاست میں 2 مارچ سے 6 مارچ تک چلے گی۔ یہ 2 مارچ کو ریاست میں داخل ہوگی۔ یہ یاترا مرینا سے ہوتی ہوئی گوالیار، شیو پوری، گنا، راج گڑھ، شاجاپور، آگر مالوا، اجین، دھار، جھابوا سے گزرے گی۔ اس دوران راہل گوالیار، گنا، راگھوگڑھ اور اجین جیسے مقامات پر تین جلسے اور روڈ شو کریں گے۔(باقی صفحہ 7 پر)
سابق سی ایم کمل ناتھ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں سے کہا کہ وہ انتخابات کے لیے اکٹھے ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ جیت کا فیصلہ تنظیم کی طاقت سے ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی نیائے یاترا کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا جائے اور انہیں زیادہ سے زیادہ تعداد میں یاترا میں شامل کیا جائے
پی سی سی چیف جیتو پٹواری نے کہا کہ کانگریس کے تمام کارکنان یاترا میں شامل ہوں۔ انتخابات اور یاترا کے حوالے سے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ راہل گاندھی کی یاترا ملک کو متحد کرنے اور انصاف کے لیے لڑنے کی یاترا ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کرنے پر بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں بوتھ لیول تک بات چیت ہوئی۔ امیدواروں کے انتخاب کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ پارٹی میں نظم و ضبط کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
جیتو پٹواری نے کہا کہ میٹنگ میں کارکنوں سے بات چیت ہوئی کہ ہم سب کو ساتھ لے کر نئی اور نوجوانوں کی پارٹی بنانا ہے۔ ریاستی کانگریس کمیٹی جلد ہی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ضلعی سطح پر بھی تبدیلیاں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والوں کو ترقی دی جائے گی۔ دوسروں کو ان لوگوں کی جگہ لینے کا موقع ملے گا جو عہدے پر فائز ہونے کے باوجود کام نہیں کر رہے۔