مسقط، 29 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے پیر کو ایف آئی ایچ ہاکی 5 ایس مردوں کے عالمی کپ 2024 کے تیسرے اور آخری پول بی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمیکا کو 13-0 سے شکست دی اور ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔آج یہاں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے دوسرے ہی منٹ میں دو گول کر دئیے۔ یہ دونوں گول منیندر سنگھ نے کئے۔
اس کے بعد اتم سنگھ اور منجیت نے بھی ایک ایک گول کیا۔ جس کی وجہ سے کھیل کے ابتدائی چھ منٹوں میں ہی ہندوستان نے اسکور 4-0 کرکے میچ میں مضبوط برتری حاصل کرلی۔برتری کے باوجود ہندوستان نے حملہ آور موقف اپناتے ہوئے جمیکا کے دفاع پر دباؤ ڈالنا جاری رکھا۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پون راج بھر نے نویں منٹ میں اور گرجوت سنگھ نے 14ویں منٹ میں گول کرکے ہاف ٹائم کے وقفے تک اسکور کو 6-0 کردیا۔ہندوستان نے دوسرے ہاف میں بھی جارحانہ حکمت عملی برقرار رکھی۔ اس دوران محمد راحیل نے 16ویں، 27ویں منٹ میں، مندیپ مور نے 23ویں، 27ویں منٹ میں، منجیت نے 24ویں منٹ میں اور منیندر سنگھ نے 28ویں، 29ویں منٹ میں گول کر کے میچ 13-0 سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔واضح رہے کہ ہندوستان نے اتوار کو پول بی کے اپنے ابتدائی دو میچوں میں مصر سے ہارنے سے پہلے سوئٹزرلینڈ کو شکست دی تھی۔ کوارٹر فائنل 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔