ہولنبیر، 14 ستمبر (یو این آئی) کپتان ہرمن پریت سنگھ کی کرشماتی کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے ہفتہ کو ایشیائی چیمپئنز ٹرافی 2024 میں روایتی حریف پاکستان کو 2-1 سے شکست دی۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے 13ویں اور 19ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کیے جبکہ پاکستان کے لیے احمد ندیم نے میچ کے آٹھویں منٹ میں واحد گول کیا۔ اس میچ کے ساتھ ہی ہندوستان نے پڑوسی ملک کو لگاتار 17 میچوں میں شکست دی ہے۔ پاکستان کے احمد ندیم نے پہلے کوارٹر کے آٹھویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ تاہم، پیرس 2024 اولمپک کانسے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم نے جوابی حملہ کیا اور کھیل کے 13ویں منٹ میں گول کر دیا۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کرہندوستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ میچ کا پہلا کوارٹر 1-1 سے برابر رہا۔ انہوں نے 19ویں منٹ میں ہی پاکستان کے خلاف دوسرا گول کر کے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ ہندوستان کی جانب سے یہ گول کپتان ہرمن پریت سنگھ نے بھی کیا۔ ہاف ٹائم تک ہندوستان 2-1 کی برتری کے ساتھ آگے تھا۔ ہندوستان نے اس میچ سے پہلے جاپان، جمہوریہ چین، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کو شکست دی تھی۔
کھیل کے آخری دو کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہے۔ تاہم پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ بھارتی دفاع کے خلاف ناکام رہی۔ دوسری جانب ہندوستا نے بھی اپنی برتری بڑھانے کی کوشش کی لیکن اسے بھی کھیل کے دوسرے ہاف میں کوئی کامیابی نہیں ملی۔ ہندستان نے گروپ مرحلے میں 15 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست مقام حاصل کیا۔ جبکہ پاکستان 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔