لکھنؤ:03؍اکتوبر:ابھیمانیو ایسوارن نے ایرانی کپ میچ کے تیسرے دن ریسٹ آف انڈیا کی جانب سے سنچری بنائی۔ لکھنؤ کے ایکنا اسٹیڈیم میں دن کے کھیل کے اختتام تک، وہ 151 رنز بنانے کے بعد دھرو جریل کے ساتھ ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔ ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 289 رنز بنائے ہیں۔ ممبئی کی جانب سے موہت اوستھی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ایرانی کپ میں رنجی چیمپئن ممبئی کا مقابلہ ریسٹ آف انڈیا ٹیم سے ہے۔ بدھ کو ممبئی نے ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کی۔ ٹیم نے تیسرے دن کے پہلے سیشن تک بیٹنگ کرتے ہوئے 537 رنز بنائے۔ سرفراز خان 222 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔تیسرے دن ممبئی نے 536/9 کے اسکور کے ساتھ اپنی اننگز کو آگے بڑھایا، ٹیم اپنے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرسکی اور آل آؤٹ ہوگئی۔ سرفراز 222 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے جب کہ جنید خان کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ ریسٹ آف انڈیا کی جانب سے تیز گیند باز مکیش کمار نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یش دیال اور پرسدھ کرشنا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آف اسپنر سرنش جین کو ایک کامیابی ملی۔سرفراز خان ایرانی کپ میں ممبئی کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔پہلی اننگز میں ممبئی کے بڑے اسکور کے بعد ریسٹ آف انڈیا نے بھی مضبوط شروعات کی۔ کپتان روتوراج گائیکواڑ صرف 9 رنز بنا سکے لیکن ابھیمنیو ایشورن نے سائی سدرشن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھال لیا۔ دونوں نے ٹیم کا سکور 100 رنز سے آگے بڑھایا۔ سدرشن 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور دونوں کے درمیان 87 رنز کی شراکت ٹوٹ گئی۔ دیو دت پڈیکل بھی زیادہ دیر نہ چل سکے اور 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔