ایرانی صدر کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی ہند کا اظہار تأسف

0
18

نئی دہلی، 21 مئی (یواین آئی) جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اور ان کے ہمراہ حکام کی ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں المناک موت پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام سے اظہار تعزیت کی اور مرحوم ایرانی صدر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ امیر جماعت نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ ڈاکٹر رئیسی کے انتقال سے نہ صرف ایرانی شہریوں کو بلکہ پوری امت مسلمہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غم کی گھڑی میں ہم ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی ایک مدبر اور پُرعزم رہنما تھے جنہوں نے روز مرہ کے طرز زندگی اور ریاستی نظام میں عوامی مفاد کو مستحکم رکھنے کے لیے کئی اہم فیصلے کئے۔ ان کی صدارت کو ان مغربی طاقتوں کے خلاف ایک مضبوط رکاوٹ سمجھی جاتی تھی جو دوسرے ممالک کو معاشی استحصال کا شکار بننے پر مجبور کرتی ہیں ۔ انہیں فلسطینی کاز کی حمایت اور صہیونی آبادکاری اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘ایران کے سابق مرحوم صدر کے کردار کو سراہتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہند نے مزید کہا کہ ’’ ڈاکٹر رئیسی نے ہندوستان- ایران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں شاندار کردار ادا کیا ۔
انہوں نے چابہار بندرگاہ کو ترقی دینے اور چلانے کے لیے ہندوستان کے ساتھ 10 سالہ معاہدے پر مہر ثبت کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس معاہدے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ انفراسٹرکچر اور تجارتی شراکت داری کو بلندی اور قوت ملے گی۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے عوام کے لئے ایک اعزاز ثابت ہوگا۔ امیر جماعت نے ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور مرحوم رئیسی کے لیے مغفرت کی دعا کی۔