پیرس، 04 اگست (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے اتوار کو شوٹ آؤٹ میں برطانیہ کو 4-2 سے شکست دے کر پیرس اولمپکس کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ اس سے قبل یویس۔ڈو۔منوئر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں 1-1 گول سے برابر تھیں۔ شوٹ آؤٹ میں ہندوستان کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ، سکھجیت سنگھ، للت اپادھیائے اور راج پال کمار نے گول کئے۔ برطانیہ کی جانب سے جیمز البری نے ایک گول اسکور کیا۔ شاندار فارم میں موجود ہرمن پریت سنگھ نے 22ویں منٹ میں پنالٹی کارنر سے گول کر کے ہندوستان کو برتری دلائی۔ اولمپکس میں یہ ان کا ساتواں گول تھا۔ دوسرے کوارٹر کے اختتام سے صرف دو منٹ قبل برطانیہ کے لی مورٹن نے اسکور کو 1-1 سے برابر کردیا۔ امیت روہیداس کو 17ویں منٹ میں باہر بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے 10 کھلاڑیوں کے ساتھ میچ کھیلا۔ تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں برطانیہ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو زیادہ تر وقت اپنے قبضے میں رکھا۔ لیکن اس کے کھلاڑی مضبوط ہندوستانی دفاع کو نہ توڑ سکے۔ چوتھے کوارٹر کے بعد میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔