پیرس، 03 اگست (یو این آئی) ہندوستانی خاتون باکسر نکھت زرین نے کہا کہ ان کے اولمپک خواب کا خاتمہ امید کے مطابق نہیں ہوا۔ ہندوستانی باکسر نکھت نے پیرس اولمپکس 2024 میں ڈیبیو کیا تھا۔ 28 سالہ باکسر کو پری کوارٹر فائنل میں چین کی ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ وو یو سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا، “میرا دیرینہ اولمپک خواب امید کے مطابق ختم نہیں ہوا ۔ گھنٹوں کی محنت، قربانی اور مضبوط عزم کے باوجود یہ لمحہ مجھ سے دور ہو گیا۔ یہ شکست اب تک سب سے مشکل ہے ، یہ میرے لیے بہت گہرا زخم ہے اور اسے برداشت کرنا تقریباً ناممکن ہے۔ میرا دل ٹوٹا ہے، لیکن ادھورا نہیں۔ میں اسے سکون سے قبول کرتی ہوں اور آگے بڑھنے کی پوری کوشش کروں گی۔ زرین نے کہا، “اولمپکس میں تمغہ جیتنا میرا سب سے بڑا خواب تھا اور میں نے اسے حاصل کرنے کے لیے اپنی پوری قوت سے جدوجہد کی۔ پیرس 2024 کا سفر چیلنجوں سے بھرا ہوا تھا۔ “ایک سال کی چوٹ سے لڑنا، اپنا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے لڑنا، مقابلے کے موقع کے لیے لڑنا اور اس عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے موقع کے لیے لاتعداد رکاوٹوں کو عبور کرنا شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے خواب کو پورا کرنے کا موقع ملنے پر بہت شکر گزار ہوں لیکن قسمت میں کچھ اور ہی لکھا تھا۔ پیرس میں یہ حاصل نہ کر پانا بہت افسوسناک ہے۔ کاش میں وقت کو پیچھے موڑ پاتی اور مختلف نتائج کے لیے مزید محنت سکتی لیکن یہ صرف ایک خواہش ہی رہ جائے گی۔نکھت نے کہا، ’’میں وعدہ کرتی ہوں کہ یہ خاتمہ نہیں ہئ۔‘‘ میں گھر واپس جاکر اپنے دماغ کو پرسکون کروں گی۔ یہ خواب میرے لیے ابھی تک زندہ ہے اور میں اسے نئے جوش و جذبے کے ساتھ پورا کرنے کی کوشش کروں گی۔ یہ الوداع نہیں ہے بلکہ واپس آنے اور مزید محنت کرنے اور آپ سب کو فخر محسوس کرانے کا وعدہ ہے۔