کولمبو،27 فروری (یو این آئی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 3 گیندیں قبل 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے اصل معمار ول جیکس (ناٹ آؤٹ 32 رنز اور 2 وکٹیں) اور ریحان احمد (ناٹ آؤٹ 19 رنز اور 2 وکٹیں) رہے، جنہوں نے آخری اوورز میں اپنی برق رفتار بلے بازی سے ہارا ہوا میچ انگلینڈ کی جھولی میں ڈال دیا۔ ول جیکس کو ان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
160 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ صرف 2 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر فل سالٹ (2) اور کپتان جوس بٹلر (صفر) پویلین لوٹ گئے۔ اس مشکل وقت میں ہیری بروک (26) اور جیکب بیتھل (21) نے 48 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو سنبھالا۔
درمیانی اوورز میں ٹام بیٹن (33) اور سیم کرن (24) نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، لیکن نیوزی لینڈ کے اسپنر رچن رویندرا نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کو دباؤ میں رکھا۔ جب میچ آخری لمحات میں داخل ہوا تو ول جیکس نے 18 گیندوں پر 32 رنز (بشمول 4 چوکے اور ایک چھکا) اور ریحان احمد نے محض 7 گیندوں پر 19 رنز (بشمول 2 چھکے اور ایک چوکا) بنا کر 19.3 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔انگلینڈ کو آخری 3 اوورز میں 43 رنز درکار تھے اور اس کی 6 وکٹیں گر چکی تھیں۔ لیکن پھر ول جیکس اور ریحان احمد نے جارحانہ بلے بازی کا وہ مظاہرہ کیا جسے ‘ڈائنامائٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ نیوزی لیند کی جانب سے رچن رویندرا نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں لیں، جبکہ میٹ ہنری، لوکی فرگوسن اور گلین فلپس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل، نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 159 رنز بنائے۔ اوپنرز ٹم سیفرٹ (35) اور فن ایلن (29) نے 64 رنز کا ٹھوس آغاز فراہم کیا، لیکن انگلش اسپنرز نے مڈل آرڈر کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ گلین فلپس 39 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
انگلینڈ کےعادل رشید، ول جیکس اور ریحان احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لیام ڈاؤسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔