چیمسفورڈ، 30 مئی (یو این آئی) نیٹ سائور برنٹ کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان کی خواتین ٹیم کو 178 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔بدھ کو کاؤنٹی گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم نے 50 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 302 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور آٹھویں اوور میں اس نے سلامی بلے باز ٹیمی بیومونٹ (11) کا وکٹ گنوادیا۔ اس کے بعد 11ویں اوور میں مایا بشریٰ (34) بھی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔ تیسرے وکٹ کی شکل میں کپتان حیدر نائٹ 12 رن بنانے کے بعد آؤٹ وہئیں۔ اس کے بعد نیٹ سائور برنٹ اور ڈینیئل وائٹ نے اننگ کو سنبھالا۔ نیٹ سائور برنٹ نے ناقابل شکست (124) کی سنچری اننگ کھیلی۔ ڈینیئل وائٹ (44)، ایمی جونز (27) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ایلس کیپسی نے ناٹ آؤٹ 39 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ام ہانی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیانا بیگ، ندا ڈار اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد انگلینڈ کے گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم کو 29.1 اوورز میں 124 رنز پر ڈھیر کردیا۔ پاکستان کی شروعات خراب رہی اور اس کے اوپنر صدف شمس (2) کو بیل نے دوسرے ہی اوور میں بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد سدرہ امین (10) رنز پربیل کا شکار بن گئیں۔ پاکستان کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور اس کا کوئی بھی بلے باز انگلینڈ کے باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔ منیبہ علی نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے۔ عالیہ ریاض (36)، عائشہ ظفر (13) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ چھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ کپتان ندا ڈار انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں آئیں۔ انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکلسٹن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیٹ سایور برنٹ اور لارین بیل نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ شارلٹ ڈین اور کیٹ کراس کو ایک ایک وکٹ ملا۔انگلینڈ کی ٹیم نے 178 رن سے میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی ہے۔