ڈربی، 24 مئی (یواین آئی) انگلینڈ کی خاتون کرکٹ ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی ٹیم کو 37 رن سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 9 وکٹ پر 243 رنز بنائے جس میں ایلائس کیپسی نے 44، ایمی جونز نے 37 اور ٹیمی بیماؤنٹ نے 33 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے گیندباز ندا ڈار نے 3، عالیہ ریاض، نشرہ سندھو اور اُم ہانی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹ پر 206 رنز ہی بناسکی۔ ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ منیبہ علی نے 34، صدف شمس نے 28، ندا ڈار اور ناجیہ علوی نے 26، 26 رنز اسکور کیے۔انگلینڈ کی گیندباز ایکلیسٹون نے 3، چارلی ڈین، لارین بیل اور کیٹ کراس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو شکاربنایا۔ واضح رہے کہ تین میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔