برسٹل، 04 جولائی (یو این آئی) لارین بیل (پانچ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد نیٹ سائیور برنٹ ناٹ آؤٹ (76) اور ایمی جونز (50) کی نصف سنچریوں کی بنیاد پر انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے نیوزی لینڈ کوتیسرے ون ڈے میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی ہے۔
212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا، ایک وقت میں 33 کے اسکور پر اس کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ ٹیمی بیومونٹ (صفر)، کپتان ہیدر نائٹ (9) اور مینا باؤچر (19) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد نیٹ سائیور برنٹ نے صوفیہ ڈنکلے کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن اس دوران صوفیہ ڈنکلے (15) 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد ایمی جونز اور نیٹ اسکائیور نے برنٹ کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح کی جانب گامزن کیا۔ ایمی جونز 50 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ جبکہ نیٹ سائیور برنٹ نے 76 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے 38.4 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 212 رنز بنائے اور میچ پانچ وکٹوں سے جیت حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہننا روے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مولی پین فولڈ، امیلیا کیر اور بروک ہالیڈے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بیٹنگ کرتے ہوئے امیلیا کیر (57)، سوفی ڈیوائن (46)، بروک ہالیڈے (31) اور سوزی بیٹس (24) کی شاندار اننگز کی بنیاد پر 42 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 211 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ لارین ڈاؤن (14)، جارجیا پلمر (7)، میڈی گرین (5) اور ازابیلا گیج (4) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ہننا روے نے ناٹ آؤٹ نو رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے لارین بیل نے سب سے زیادہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کیٹ کراس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔