ناٹنگھم، 22 جولائی (یو این آئی) اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک کی شاندار بلے بازی اور پھر کرس ووکس اور شعیب بشیر کی خطرناک گیندبازی کی بنیاد پر انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 241 رنز سے شکست دے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 سے ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ برتھویٹ اور مائیکل لوئس کی سلامی بلے بازوں کی جوڑی نے 385 رنز کے جیت کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت قائم کی۔ لیکن اس کے بعد ویسٹ انڈیز کا کوئی بلے باز کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ شعیب بشیر اور کرس ووکس کی خطرناک گیندبازی کے سامنے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 36.1 پر صرف 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شعیب بشیر نے 41 رنز کے عوض پانچ، کرس ووکس نے 28 رنز کے عوض دو وکٹیں، گس ایٹکنسن نے 49 رنز کے عوض دو اور مارک ووڈ نے 17 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں 121 اور دوسری اننگز میں 51 رنز بنانے والے اولی پوپ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس سے قبل جو روٹ (122) اور ہیری بروک (109) کی سنچری اننگز کی مدد سے انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 425 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کے سامنے جیت کے لیے 385 رنز کا ہدف رکھا تھا۔
جو روٹ نے اپنی 32ویں ٹیسٹ سنچری اور ہیری بروک نے اپنی پانچویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جارڈن سیلز نے 97 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ کیون سنکلیئر (76) اور اولی پوپ (51) نے نصف سنچریاں بنائیں۔ الزاری جوزف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شمر جوزف، جیسن ہولڈر اور کیون سنکلیئر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں اولی پوپ (121) کی سنچری، بین ڈکٹ (71) اور کپتان بین اسٹوکس (69) کی نصف سنچریوں کی مدد سے 416 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جےڈن سیلز، کیون سنکلیئر اور کیویم ہوج نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شمر جوزف نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کیویم ہوج (120) اور جوشوا ڈی سلوا کی ناٹ آؤٹ (82) کی اننگز کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 457 رنز بنائے اور 41 رنز کی برتری حاصل کی۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ایٹکنسن اور بشیر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مارک ووڈ اور بین اسٹوکس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔