جوہور (ملائیشیا) 22 جنوری (یو این آئی) ڈیوینا پیرن (74) اور ٹرڈی جانسن (ناٹ آؤٹ 44) کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے بدھ کو انڈر 19 خواتین کے ٹی 20 میچ میں امریکہ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی گروپ میں سرفہرست رہنے والی انگلینڈ اور امریکہ کی ٹیموں نے ٹورنامنٹ کے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔ امریکہ کے 119 کے جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر ایرن تھامس (0) کو گنوا دیا۔ اس کے بعد ٹرڈی جانسن بیٹنگ کے لیے آئی اور ڈیوینا پیرن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 117 رن کی شراکت ہوئی۔ 14ویں اوور میں پوجا شاہ نے دیوینا پیرن کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ڈیوینا پیرین نے 45 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے نصف سنچری (74) اسکور کی۔ ٹرڈی جانسن (44) ناٹ آؤٹ رہی۔ انگلینڈ نے 14.2 اووروں میں دو وکٹ پر 120 رن بنا کر آٹھ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ امریکہ کی جانب سے ماہی مادھون اور پوجا شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آج انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے دوران امریکہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 29 کے اسکور پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ چیتنا پگدیلا (10)، عیسانی واگھیل (10) اور دیشا ڈھینگرا (چھ) رن بناکر آوٹ ہوئیں۔ ایسے وقت میں کپتان انیکا کولون نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ریتو سنگھ (20) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ انیکا کولن (46) اور پوجا گنیش (10) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ امریکی خواتین کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹ پر 119 رن بنائے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے پریا تھانا والا اور ٹرڈی جانسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹلی کورٹین کولمین نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔