نئی دہلی:16؍جنوری:پی وی سندھو اور ساتوک-چراغ کی جوڑی نے انڈیا اوپن بیڈمنٹن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ مینز سنگلز میں کرن جارج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کی۔ خواتین کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں ہندوستان کا چیلنج ختم ہوگیا۔
بی ڈبلیو ایف کا ورلڈ ٹور سپر 750 ٹورنامنٹ نئی دہلی کے کے ڈی جادھو انڈور ہال میں کھیلا جا رہا ہے۔ منگل کو سندھو اور ساتوک-چراگ نے اپنے پہلے راؤنڈ کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پیرس اولمپکس کے بعد اپنا دوسرا بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کھیلنے والی سندھو نے سیدھے گیم میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے جاپان کے منامی سویزو کو 21-15، 21-13 سے شکست دی۔ انوپما اپادھیائے کو جاپان کی ٹوموکا میازاکی سے 6-21، 9-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران مردوں کے سنگلز میں کرن نے فرانس کے ایلکس لینیئر کو 22-20، 21-13 سے شکست دی۔
سندھو کا مقابلہ چوتھی سیڈ انڈونیشیا کی جارجیا ماریسکا تنجنگ سے ہوگا۔ جنہوں نے جاپان کے ناٹسوکی نادیرا کو 21-12، 24-22 سے شکست دی۔ دوسری جانب کرن کا مقابلہ مردوں کے سنگلز میں چین کے ہانگ یانگ وینگ سے ہوگا۔ جنہوں نے ملائیشیا کے جون ہاؤ کو 21-18، 21-12 سے شکست دی۔
مردوں کے ڈبلز میں، 2022 کے چیمپئن ساتوک سائراج اور چراغ شیٹی نے جیت حاصل کی۔ دونوں کو پہلا گیم 20-22 سے جاپان کی کینیا متسوہاشی اور ہیروکی اوکامورا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں نے پھر واپسی کرتے ہوئے بقیہ 2 گیمز 21-14، 21-16 سے جیت کر میچ اپنے نام کیا۔