انڈیا الائنس کو 300 سے زائد سیٹیں ملیں گی

0
9

نئی دہلی23مئی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کو حاصل ہونے والی ممکنہ سیٹوں کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی یہ الیکشن ہار رہی ہے۔ انڈیا الائنس کو 300 سے زائد سیٹیں ملیں گی اور یہ اکثریت سے حکومت بنانے جا رہی ہے۔ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو دیے ایک انٹرویو میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ نریندر مودی اور بی جے پی عام آدمی پارٹی کی ترقی سے خوفزدہ ہیں۔ ہم پر مسلسل جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں لیکن ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں اور لڑ رہے ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ دہلی میں انڈیا الائنس کی لہر چل رہی ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ انڈیا الائنس کو دہلی کی تمام کی تمام ساتوں سیٹوں پر کامیابی ملے گی۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ جس طرح ہمیں اسمبلی انتخابات میں کامیابی ملی (ایک بار 67 اور ایک بار 62 سیٹیں) اسی طرح بلکہ اس سے زیادہ لہر اس بار انڈیا الائنس کی ہے۔ اس لیے اگر اس بار گزشتہ انتخابات کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں تو مجھے کوئی تعجب نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ آج (23 مئی) دہلی میں لوک سبھا کی انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔
یہاں کی تمام ساتوں سیٹوں پر چھٹے مرحلے میں یعنی 25 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ اس الیکشن میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کا اتحاد ہے۔ ان کا مقابلہ بی جے پی سے ہے جو فی الحال تمام سیٹوں پر قابض ہے۔