حیدرآباد5فروری(یواین آئی) خواتین کے انڈر 19 عالمی کرکٹ کپ میں نمایاں مظاہرہ کرنے والی کرکٹر تریشا نے بدھ کو وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی سے ان کی جوبلی ہلزمیں واقع قیامگاہ پر خیرسگالی ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے تریشا کو حال ہی میں منعقدہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے تریشا سے خواہش کی کہ وہ کرکٹ کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور مستقبل میں ملک کا مزید نام روشن کرے۔ اس موقع پر انہوں نے کرکٹر تریشا کے لیے ایک کروڑ روپے اور تلنگانہ کی انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم کی رکن دھروتی کیسری کو 10 لاکھ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا۔ انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم کی ہیڈ کوچ نوشین اور ٹرینر شالینی کوبھی دس، دس لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری، حکومت کے مشیر ویم نریندر ریڈی، ایس اے ٹی کے چیرمین شیوسینا ریڈی، سی ایم سکریٹری شانواز قاسم اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔