نئی دہلی، 7 جنوری (یواین آئی) بین الاقوامی کھو کھو فیڈریشن نے 13 سے 19 جنوری تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے کھو کھو ورلڈ کپ میچوں کے لیے نئے ضوابط کو مطلع کر دیا ہے، یہ قوانین قومی اور بین الاقوامی کھو کھو میچوں پر فوری طور پر لاگو ہوں گے۔انٹرنیشنل کھو کھو فیڈریشن کے صدر سدھانشو متل نے کہا کہ کھو کھو میچ کا دورانیہ 50 منٹ ہوگا اور میچ سے قبل ٹاس کے ذریعے دونوں ٹیموں کو اٹیک اور دفاع کا آپشن منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔ ہر ٹیم میں 15 کھلاڑی ہوں گے جن میں سے 12 کھلاڑی میدان میں کھیلیں گے جبکہ باقی تین کھلاڑی متبادل ہوں گے۔جاری کردہ ضوابط کے مطابق سنٹرل لین کو پار کرنا، جلدی اٹھ جانا، پیچھے ہٹنا اور سمت بدلنا فاؤل مانا جائے گا۔ کھو کھو ورلڈ کپ کے لیے کھیل کے میدان کا سائز 26 بائی 20 میٹر مستطیل ہوگا۔ ہر میچ دو اننگز پر مشتمل ہوگا۔ ہر اننگ کو سات منٹ کے اٹیکنگ اور ڈیفنسو ٹرن میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر اننگ کے بعد چار منٹ کا آرام ہوگا اور ٹرن کے درمیان تین منٹ کا وقفہ ہوگا۔ ٹرن کے آغاز میں تین ڈیفنڈرزبیچ کھیل کے میدان میں ہوگا۔ جب تینوں ڈیفینڈرز کو آؤٹ قرار دیا جائے گا تو 30 سیکنڈ کا بریک ملے گا اور ڈیفنڈرز کے اگلے بیچ کو 30 سیکنڈ کے اندر میدان میں داخل ہونا ہوگا اور اگر وہ مقررہ مدت میں کھیل کے میدان میں داخل نہیں ہوئے تو انہیں لیٹ انٹری کے لئے آؤٹ قرار دیاجائے گا۔
اگر ڈیفنڈنگ ٹیم کا کوئی بیچ تین منٹ تک میدان میں رہتا ہے تو اسے ایک اضافی پوائنٹ دیا جائے گا اور اس کے بعد ہر 30 سیکنڈ کے لئے ایک اضافی پوائنٹ ملتا رہے گا۔ ‘کھو’ کو انجام دینے کے لیے اکڑوں بیٹھے ہوئے اٹیکر کی پیٹھ کو اپنی ہتھیلی – ہاتھ سے چھوئے گا اور فوراً بلند آواز سے لفظ ‘کھو’ کہے گا، جسے امپائر اور ریفری کو سننا چاہیے۔ اٹیکنگ ٹیم کو ہر کامیاب آؤٹ پر دو پوائنٹس ملیں گے۔ ہر ٹیم کو دو ریویو کی اجازت ہوگی۔ دو اننگز کے اختتام پر زیادہ نمبر رکھنے والی ٹیم فاتح ہوگی۔