اندور، 28 فروری (رپورٹر) شہر کے بھنورکنواں علاقے میں تجاوزات ہٹانے پہنچی نگرنگم اور پولیس ٹیم پر بستی والوں حملہ کر دیا۔ نگرنگم اور پولیس کی ٹیم پروفیسر کالونی میں قائم غیر قانونی بستی کی تجاوزات ہٹانے آئی تھی۔ اس سے مشتعل ہو کر لوگوں نے ناکہ بندی کر دی۔ خواتین اور بچے سڑک پر ہی لیٹ گئے۔ پتھراو کے بعد پولیس نے مظاہرین کو لاٹھی چارج کرکے کھدیڑا۔
اندور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم تجاوزات ہٹانے کی مہم کے ایک حصے کے طور پر بدھ کی صبح بستی پہنچی تھی۔ ٹیم نے لوگوں کو خبردار کیا تو لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور سڑک بلاک کر دی۔ جیسے ہی ٹیم نے تجاوزات ہٹانے کی کوشش کی تو وہاں موجود لوگوں نے کارروائی کی مخالفت شروع کردی۔ ٹیم کے ساتھ جم کر بحث ہوئی لیکن کسی کی ایک نہ چلی۔ جب انتظامیہ نہیں مانا تو لوگوں نے پتھراو شروع کر دیا۔ اس پر پولیس کو ہلکی طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے بھاری فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل میونسپل کارپوریشن کی ٹیم کھجرانہ اور بمبئی بازار علاقوں میں کارروائی کر چکی ہے۔
شہر کے پروفیسر کالونی علاقے میں عرصہ دراز سے تجاوزات ہے۔ اس سے ٹریفک میں خلل پڑتا ہے۔ کارپوریشن بھی بہت سے مختلف علاقوں میں کارروائی کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ مہم شہر کی ٹریفک کو کم کرنے کے لیے چلائی جا رہی ہے۔ اس کے لیے گزشتہ ہفتے میئر پشیامتر بھارگو نے راجواڑا اور آس پاس کے بازاروں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ فٹ پاتھ پر دکانیں قائم کرنے والوں اور مستقل دکانداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ دکانوں کے باہر تجاوزات نہ کریں۔