نئی دہلی 23نومبر: مہاراشٹر اور جھارکھنڈ کے اسمبلی انتخابات کے حتمی نتائج سامنے آ گئے ہیں۔ مہاراشٹر میں جہاں این ڈی اے اتحاد یعنی مہایوتی نے حکومت سازی کے لیے ضروری واضح اکثریت حاصل کر لی ہے، وہیں جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد نے حکومت سازی کے لیے ضروری نمبر حاصل کر لیا ہے۔ مہاراشٹر میں جہاں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بنی ہے، وہیں جھارکھنڈ میں جے ایم ایم نے سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کی ہیں۔ حالانکہ یہ دونوں ہی پارٹیاں تن تنہا اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوئی ہیں۔ یعنی دونوں ہی جگہ فاتح اتحاد مضبوطی کے ساتھ حکومت سازی کے لیے آگے بڑھے گا۔ مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں میں سے بی جے پی نے 132 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔ اس کی ساتھی پارٹیوں شیوسینا (ایکناتھ شندے گروپ) نے 57 سیٹوں پر، این سی پی (اجیت پوار گروپ) نے 41 سیٹوں پر اور دیگر پارٹیوں نے 4 سیٹوں پر فتحیابی حاصل کی ہے۔ انڈیا اتحاد یعنی ایم وی اے کی بات کریں تو شیوسینا یو بی ٹی نے 20 سیٹوں پر، کانگریس نے 16 سیٹوں پر، این سی پی-ایس پی نے 10 سیٹوں پر اور دیگر پارٹیوں نے 2 سیٹوں پر فتح کا پرچم لہرایا۔ ان دونوں اتحاد سے الگ 6 امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ جھارکھنڈ کی بات کی جائے تو یہاں کی 81 اسمبلی سیٹوں کا جو نتیجہ سامنے آیا ہے اس میں جے ایم ایم نے سب سے زیادہ 34 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کی اتحادی پارٹیوں کانگریس نے 16 سیٹوں پر، آر جے ڈی نے 4 سیٹوں پر اور سی پی آئی (ایم ایل) نے 2 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔ اس طرح انڈیا اتحاد کی سیٹوں کی تعداد 56 ہو جاتی ہے جو کہ حکومت سازی کے لیے ضروری نمبر 42 سے بہت زیادہ ہے۔ این ڈی اے کی بات کی جائے تو بی جے پی نے 21 سیٹوں پر، ایل جے پی (رام ولاس) نے 1 سیٹ پر، جنتا دل یو نے 1 سیٹ پر اور آجسو نے 1 سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ یعنی این ڈی اے اتحاد کو مجموعی طور پر 24 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ ان دونوں اتحاد سے الگ صرف 1 امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے جس کا تعلق جے ایل کے ایم سے ہے۔
امرتسر سرحد پر دو ڈرون، ہیروئن برآمد
جالندھر، 23 نومبر (یو این آئی) بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ہفتہ کو پنجاب کے امرتسر کی بین الاقوامی سرحد سے دو پاکستانی ڈرون اور ہیروئن برآمد کی ہے۔بی ایس ایف کے ترجمان نے کہا کہ دھند شروع ہونے کے ساتھ ہی پنجاب کی سرحد پر سرحد پار سے ڈرون کی دراندازی کی کوششیں بڑھ گئی ہیں۔