بھوپال، 24 جنوری (ایجنسی) مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس ایم ایل اے امنگ سنگھار نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو خط لکھا ہے۔ خط کے ذریعے انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے 74 بنگلہ میں واقع بی- 9 بنگلہ مانگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بنگلے سے ان کی پھوپھی جمنا دیوی کی یادیں وابستہ ہیں۔ اس لیے یہ بنگلہ انہیں دے دیا جائے۔ شیوراج کا دفتر اس بنگلے میں چلتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار نے بدھ کو اپنے خط میں لکھا، ‘سرکاری رہائش گاہ نمبر بی-9 بنگلہ مدھیہ پردیش کے قبائلی برادری کی عظیم رہنما اور ریاست کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ آنجہانی جمنا دیوی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر سالوں تک الاٹ کیا گیا۔ قبائلی برادری کی رہنما ہونے کے علاوہ وہ میری پھوپھی بھی تھیں۔ میں بھی اس سرکاری ہاوس سے جذباتی طور پر وابستہ ہوں۔ میری گزارش ہے کہ لیڈر حزب اختلاف ہونے کے ناطے مہربانی کرکے مجھے یہ سرکاری بنگلہ الاٹ کریں۔ آپ کو بتاتے چلیں اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار نے جس بنگلے کی مانگ کی ہے، اس میں اس وقت سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کا دفتر ہے۔ اس سے پہلے یہ بنگلہ کھنڈوا کے ایم پی آنجہانی نند کمار سنگھ چوہان کو الاٹ کیا گیا تھا۔