امرتسر، 05 مارچ (یو این آئی) پنجاب کے امرتسر ضلع کی سنٹرل جیل میں منگل کو جیل اولمپک زون سطح کے کھیلوں کا افتتاح کیا گیا۔ ان گیمز میں امرتسر کے علاوہ پٹی، ہوشیار پور، پٹھانکوٹ، فیروز پور اور ترن تارن جیلوں کے قیدی حصہ لے رہے ہیں۔گیمز کے آغاز سے قبل قیدیوں کی جانب سے تعلیمی اداروں کی طرح مارچ پاسٹ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ قیدیوں نے بھنگڑے اور ثقافتی پروگراموں کی پریزنٹیشن میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کم سکریٹری ڈی ایل ایس اے رشپال سنگھ نے بطور مہمان خصوصی کھیلوں کا افتتاح کیا۔ قیدیوں کی بحالی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیدی جس طرح کھیلوں میں اس قدر جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں، یہ ایک بہت اچھا رجحان ہے اور زندگی کی طرف امید انہیں بحالی اور اصلاح کی طرف لے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کھیل ہر زون میں منعقد کیے جا رہے ہیں جس میں مختلف جیلوں کے ہزاروں قیدی مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
پہلے روز کھلاڑیوں نے جوش و خروش اور لگن کے ساتھ ’ٹگ آف وار‘ کھیلوں کے مقابلے میں حصہ لیا۔ پہلے میچ میں سنٹرل جیل فیروز پور نے سنٹرل جیل ہوشیار پور کو جبکہ دوسرے میچ میں سنٹرل جیل گورداسپور نے سنٹرل جیل امرتسر کو شکست دی۔ فائنل میچ میں سینٹرل جیل گورداسپور کا مقابلہ سینٹرل جیل ہوشیار پور سے ہوا۔اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ انوراگ کمار نے کہا کہ یہ کھیلوں کے مقابلے ایک تبدیلی کے سفر کی علامت ہیں اور جیل کی حدود میں امید اور وقار کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب جیل اولمپکس مثبت تبدیلی لانے اور آزاد کرنے، سرحدوں کو عبور کرنے اور کمیونٹیز کو متحد کرنے کے لیے سلاخوں کے پیچھے کھیلوں کی طاقت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں والی بال، بیڈمنٹن، ایتھلیٹکس، کبڈی، شطرنج جیسے دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔