ممبئی 12اگست: وقف (ترمیمی) بل 2024 کو تبادلہ خیال کے لیے جے پی سی کے پاس بھیج دیا گیا ہے، لیکن اس پر سیاسی بیانات کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ مہاراشٹر میں رواں سال اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، اس لیے ریاست میں وقف بل کو لے کر کچھ زیادہ ہی باتیں ہو رہی ہیں۔ اس درمیان نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی چیف اجیت پوار نے ایک بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ دراصل این سی پی چیف پیر کے روز دھولے پہنچے تھے جہاں انھوں نے ’سمّان یاترا‘ سے خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت ایک نیا بل (وقف ترمیمی بل 2024) لے کر آئی ہے۔ اس بل کو جے پی سی کے پاس بھیجا گیا ہے، جس میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں کے اراکین شامل ہیں۔ اس جے پی سی میں حزب اختلاف اور برسراقتدار دونوں طبقہ کے اراکین ہوں گے۔ وہاں پر نئے بل کے سبھی پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی۔‘‘ اجیت پوار نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’این سی پی نے فیصلہ لیا ہے کہ اگر آپ کو اس بل سے متعلق کوئی فکر ہے تو ہم آپ کی فکر کو سنیں گے۔ ہم اقلیتوں کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ میں آپ سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں، ہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ گزشتہ روز اجیت پوار کی جان کو خطرہ ہونے کی بات کہی گئی تھی، لیکن اس کے اگلے ہی دن وہ دھولے پہنچ گئے ہیں۔ ان کے دورے کو لے کر پولیس و انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے اور سیکورٹی اہلکار بالکل الرٹ موڈ پر دکھائی دیے۔ خفیہ محکمہ سے ملی اطلاع کے بعد پولیس نے اجیت پوار کی حفاظت بڑھا دی ہے۔