رانچی 8نومبر: جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر انتخابی تشہیر کے لیے جھارکھنڈ پہنچے راہل گاندھی نے آج ایک بار پھر مودی حکومت کو قبائل اور دلت مخالف قرار دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے اپنے اس وعدہ کو دہرایا بھی کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ ریزرویشن پر 50 فیصد کی حد کو ہٹا دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی ریزرویشن بڑھائیں گے۔ او بی سی ریزرویشن بڑھا کر 27 فیصد کریں گے۔ ہر کنبہ کو 450 روپے میں گیس سلنڈر ملے گا۔ 15 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس ملے گا۔‘‘ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بی جے پی نے بڑے کاروباریوں کا قرض معاف کیا، لیکن دلتوں اور قبائلیوں کا قرض معاف نہیں کیا۔ بی جے پی نے کسانوں کا قرض معاف نہیں کیا۔‘‘ یہ بیانات راہل گاندھی نے سمڈیگا میں ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیے۔ لوگوں کی جمع زبردست بھیڑ سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی قبائلیوں کی زمین چھیننا چاہتی ہے۔ ملک میں دلتوں، پسماندوں اور قبائلیوں کی کوئی شراکت داری نہیں ہے۔ ملک کے دلت، پسماندہ اور قبائلی طبقہ کے لوگ اہل ہیں، آپ میں کوئی کمی نہیں ہے، آپ ہر طرح کا کام کر سکتے ہیں، لیکن آپ کے راستے کو روکا جاتا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ملک کے 90 فیصد لوگوں کو شراکت داری ملے۔ لیکن بی جے پی چاہتی ہے کہ ملک کو نریندر مودی، امت شاہ اور امبانی-اڈانی جیسے چند لوگ چلائیں۔‘‘ بی جے پی کی منافرت پر مبنی سیاست اور منی پور تشدد کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بی جے پی بھائی سے بھائی کو لڑاتی ہے۔ بی جے پی ایک مذہب سے دوسرے مذہب کو لڑاتی ہے۔ منی پور اتنے دنوں سے جل رہا ہے، لیکن وزیر اعظم آج تک وہاں نہیں گئے۔ ہم نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولیں گے۔ ہندوستان میں سبھی لوگ پیار محبت کے ساتھ رہیں گے۔‘‘ راہل گاندھی نے بی جے پی سے جاری جنگ کو دو نظریات کی لڑائی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایک طرف انڈیا اتحاد ہے تو دوسری طرف بی جے پی اور آر ایس ایس۔ جہاں انڈیا اتحاد کے لوگ آئین کی حفاظت کر رہے ہیں، وہیں بی جے پی-آر ایس ایس آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آئین صرف ایک کتاب نہیں ہے۔ اس میں برسا منڈا جی، امبیڈکر جی، پھولے جی اور مہاتما گاندھی جی کی سوچ ہے۔ یہ آئین ملک کے قبائلیوں، دلتوں، پسماندوں، غریبوں کی حفاظت کرتا ہے۔ اس لیے انڈیا اتحاد چاہتی ہے کہ ملک کو آئین کے ذریعہ سے چلایا جائے۔‘‘