نئی دہلی، 26 جون (یو این آئی) آسٹریلیا کے خلاف جیت سے حوصلہ افزا افغانستان ٹی -20 ورلڈ کپ میں جمعرات کی صبح کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی عمدہ بلے بازی اور گیند بازی کی مہارت کے بل بوتے پر فائنل میں داخل ہونے کے ارادے سے اترے گا۔جنوبی افریقہ اس ٹورنامنٹ کی دوسری ٹیم ہے جس نے ابھی تک ایک بھی میچ ہارا نہیں ہے جبکہ دوسری طرف افغانستان ہے جس کے لیے اس ٹورنامنٹ میں سفر ایک خواب پورا ہونے جیسا رہا ہے۔ افغانستان نے سپر ایٹ میں آسٹریلیا کو شکست دی ہے جس کی وجہ سے ان کے حوصلے بلند ہیں اور گروپ مرحلے میں افغانستان نے جنوبی افریقہ کو ایک بار مشکل میں ڈال دیا تھا آخر میں ڈیوڈ ملر نے شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ افغانستان نے پہلی بار کسی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ افغانستان کے گیند بازوں کو ویسٹ انڈیز کی پچیں راس آرہی ہیں اور وہ جنوبی افریقہ کو پھنسانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ایسا دیکھا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ بڑے مقابلوں میں جیت حاصل نہیں کرپاتی ہے۔ جنوبی افریقہ کے پاس افغانستان کے خلاف اپنے چوکرس کا داغ مٹانے کا موقع ہوگا۔ تاہم افریقہ کو اپنے حریف افغانستان کو سرسری طور پر لینے کی غلطی کبھی نہیں کرنی چاہیے۔ٹورنامنٹ میں شاندار فارم میں رہنے والے نوین الحق نے پاور پلے اسپنر کی غیر موجودگی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فضل الحق فاروقی پر دباؤ کم کیا ہے۔ ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کرنے والی ان کی گیند بازی حیرت انگیز تھی جو لیگ اسٹمپ پر پچ ہوئی اور پھر گر کر باہر کی جانب نکلی اور اسٹمپ سے ٹکرا گئی۔ یہ ٹورنامنٹ کی بہترین گیندوں میں سے ایک تھی۔ نوین کو سست گیندیں پھینکنے میں مہارت حاصل ہے اور ویسٹ انڈیز کی پچوں پر وہ ڈیتھ اوورز میں بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
جبکہ ہینرک کلاسن نے سال 2023 کے آغاز سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اسپنروں کے خلاف 182.12 کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنائے ہیں۔ کلازن کا اس گروپ میں سب سے بہتر اسٹرائیک ریٹ ہے۔پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں کیپنگ کرتے ہوئے رحمان اللہ گرباز پہلے ہی اوور میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے اور وہ فوراً میدان سے باہر چلے گئے۔ اس کے بعد پورے میچ میں محمد اسحاق متبادل کیپر کے طور پر میدان میں فیلڈنگ کے لئے اترے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ گرباز سیمی فائنل میچ کے لیے فٹ ہوتے ہیں یا نہیں۔ اگر گرباز بروقت صحت یاب نہ ہو سکے تو افغانستان ان کی جگہ حضرت اللہ زازئی کو ٹاپ پر اور کھلا سکتا اور اسحاق کیپر کے طور پر اور مڈل آرڈر بلے باز کے طور پر کھیل سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی افریقہ بمقابلہ افغانستان میچ میں بارش کے امکانات کم ہیں۔ لیکن اگر بارش کی وجہ سے جمعرات کو میچ نہیں ہو پاتاتو اس کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔ اگر حالات ایسے ہو گئے کہ ریزرو ڈے پر بھی میچ کا انعقاد ممکن نہ ہو تو پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست جنوبی افریقہ کی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی اور افغانستان کی ٹیم بغیر کھیلے ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔