چنئی، 22 ستمبر (یو این آئی) روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اتوار کے روز بنگلہ دیش کو 280 رنز سے شکست دے دی، اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔آج چناسوامی اسٹیڈیم میں میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کی ٹیم نے کل کے چار وکٹ پر 158 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ آج ہندوستان کو جیت کے لیے چھ وکٹ درکار تھے۔ لیکن بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسین شانتو نے شکیب الحسن کے ساتھ پہلے گھنٹے جدوجہد سے پر اننگ کھیلی اور کوئی وکٹ گرنے نہیں دیا۔ اس دوران محمد سراج اور جسپریت بمراہ نے دونوں بلے بازوں کو کئی بار بیٹ کیا لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی۔اس کے بعد کپتان روہت شرما نے گیند آر اشون کو تھمائی۔ دن کے اپنے پہلے ہی اوور میں اشون نے شکیب الحسن (25) کو جیسوال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔
اس وکٹ کے ساتھ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر کورٹنی والش کے 519 وکٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انہوں نے 52ویں اوور میں ہندوستان کو یہ پانچویں اور دن کی پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے لٹن کمار داس (1) کو جڈیجہ نے پویلین بھیج دیا۔ مہدی حسن میراز (8) اور تسکین احمد (5) اشون کا شکار بنے۔ اس کے ساتھ انہوں نے میچ میں اپنی چھٹی وکٹ حاصل کی۔ 57 ویں اوور میں اسٹرائیک اپنے پاس رکھنے کی کوشش میں شانتو نے جڈیجہ کے اوور کی آخری گیند پرآگے نکل کر مارنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے بلے کا باہری کنارہ لے گئی اور بمراہ نے بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو لپک لیا۔ اسی کے ساتھ جڈیجہ نے کپتان نظم الحسین (82) کی شکل میں دیوار گرادی۔ جڈیجہ نے 63ویں اوور کی پہلی گیند پر حسن محمود (7) کو بولڈ کرکے چوتھے دن صبح کے سیشن میں 234 کے اسکور پر بنگلہ دیش کی اننگ کا خاتمہ کردیا۔
ہندوستان کی جانب سے آر اشون نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ رویندر جڈیجہ کو تین وکٹ ملے۔ جسپریت بمراہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اشون نے 37ویں بار اننگ میں پانچ وکٹ لے کر لیجنڈ آسٹریلیائی اسپنر شین وارن کے ریکارڈ کی برابری کی۔ اب ان سے آگے 67 بار یہ کارنامہ کرنے والے متھیا مرلی دھرن ہیں۔
اس سے قبل کل شبھمن گل (119 ناٹ آؤٹ) اور رشبھ پنت (109) کے درمیان 167 رنز کی شراکت کے بعد روی چندرن اشون (تین وکٹ) کی اسپن کی بدولت ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی گرفت مضبوط کر لی تھی۔تیسرے دن ہندوستان نے لنچ کے بعد اپنی دوسری اننگ چار وکٹ پر 287 رنز بناکر ڈیکلیئر کر دی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 515 رنز کا ہدف دیا۔
ہندوستان نے اپنی پہلی اننگ میں 376 رنز بنائے تھے اورہندوستانی گیند بازوں نے بنگلہ دیش کو پہلی اننگ میں 149 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔ پہلی اننگ میں 227 رنز کی برتری کے ساتھ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگ میں 287 رنز بناکر 514 رنز کی برتری حاصل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 515 رنز کا مضبوط ہدف دیا۔ جس کے جواب میں آج چوتھے روز بنگلہ دیش کی ٹیم 234 کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔
اشون نے پورے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ہندوستان کی پہلی اننگ نہ صرف لڑکھڑاتی اننگ کو سنبھالا بلکہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری (113) بھی اسکور کی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کی دوسری اننگ کو سمیٹنے میں انہوں نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے 21 اوورز میں 88 رنز دیتے ہوئے چھ وکٹ چٹکائے۔ اشون کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا خطاب دیا گیا۔