رانچی، 23 فروری (یو این آئی) ہندوستانی اسپن گیند باز آر اشون نے جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف وکٹوں کی سنچری مکمل کرتے ہوئے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔اشون نے چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعہ کو انگلینڈ کے بلے باز جونی بیرسٹو کو 38 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی اشون ٹیسٹ میں ہندوستان کی جانب سے دو ٹیموں کے خلاف 100 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے ہیں۔ اشون کے علاوہ انل کمبلے نے آسٹریلیا کے خلاف وکٹوں کی سنچری مکمل کی ہے۔ کمبلے نے کنگارو ٹیم کے خلاف 114 وکٹیں حاصل کی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل راجکوٹ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں اشون نے 500 ٹیسٹ وکٹوں کے ہندسے کو چھو لیا تھا۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اشون کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور انہیں ‘کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین اسپن گیند بازوں میں سے ایک’ قرار دیا۔شاہ نے ایکس پر لکھا، “ایک بار پھر نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے، اشون نے انگلینڈ کے خلاف 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پہلے ہندوستانی بن کر تاریخ رقم کی ہے۔ ان کی شاندار کارکردگی نے کرکٹ کی تاریخ کے عظیم اسپن باؤلرز میں سے ایک کے طور پر ان کی حیثیت کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔ ان کی غیر معمولی حصولیابی ان کی صلاحیتوں اور کھیل کے تئیں لگن کو واضح کرتی ہے۔ مبارک ہو!”