دبئی، 13 مارچ (یو این آئی) ہندوستانی اسپن گیند باز روی چندرن اشون انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ گیند بازی کی درجہ بندی میں ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔آئی سی سی کی آج یہاں جاری تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں تین ہندوستانی کھلاڑی آر اشون، جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجہ شامل ہیں۔ اشون ہم وطن جسپریت بمراہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 870 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بولر بن گئے ہیں۔
اشون کو انگلینڈ کے خلاف اپنے 100 ویں ٹیسٹ میں نو وکٹ لینے کا فائدہ ملا ہے۔ کلدیپ یادو بھی 15 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے جوس ہیزل ووڈ 847 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو ایک مقام کا نقصان ہوا ہے۔ وہ 847 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا کو بھی ایک مقام کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ وہ 834 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز 820 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے نیتھن لیون 801 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔گیندبازنوں کی آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں رویندرا جڈیجہ 788 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پرقابض ہیں۔ سری لنکا کے پربھات جے سوریا 783 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 739 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور پاکستان کے شاہین آفریدی 733 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔