نئی دہلی9اپریل: لوک سبھا انتخاب 2024 کے پہلے مرحلہ کے لیے پرچۂ نامزدگی کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اب پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں محض 10 دن باقی رہ گئے ہیں۔ 19 اپریل کو 21 ریاستوں کی 102 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس درمیان نامزدگی کے دوران دیے گئے حلف نامہ کے مطابق اے ڈی آر (ایسو سی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس) نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ پہلے مرحلہ کے انتخاب میں مجموعی طور پر 1625 امیدوار میدان میں ہیں اور ان میں سے 1618 امیدواروں کے حلف نامہ کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ 7 امیدواروں کا حلف نامہ غیر واضح ہے، اس لیے اس کو تجزیہ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اے ڈی آر کے تجزیہ سے پتہ چلتا ہے کہ 1618 امیدواروں میں سے 16 فیصد ایسے ہیں جن پر مجرمانہ معاملے درج ہیں۔
اس کے علاوہ کروڑپتی امیدواروں کی تعداد تقریباً 28 فیصد بتائی گئی ہے۔ اے ڈی آر کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 102 سیٹوں میں سے 42 سیٹیں ایسی ہیں جہاں تین یا اس سے بھی زیادہ امیدواروں پر مجرمانہ معاملے درج ہیں۔ اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلہ کے مجموعی امیدواروں میں سے 450 کروڑپتی ہیں۔ ان کی اوسط ملکیت تقریباً 4.51 کروڑ روپے ہے۔ ان میں سے بھی مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے بیٹے نکل ناتھ کے پاس سب سے زیادہ ملکیت ہے۔ مدھیہ پردیش کی چھندواڑا سیٹ سے کانگریس امیدوار نکل ناتھ نے حلف نامہ میں بتایا ہے کہ ان کے پاس 716 کروڑ روپے سے زیادہ کی ملکیت ہے۔ پہلے مرحلہ میں 10 امیدوار ایسے بھی ہیں جنھوں نے اپنی ملکیت صفر بتائی ہے۔ یعنی ان کے پاس کچھ بھی ملکیت نہیں ہے۔ پہلے مرحلہ کے تحت انتخابی میدان میں کھڑے امیدواروں میں سے 26 امیدواروں نے اپنے حلف نامہ میں خود کو ناخواندہ بتایا ہے، جبکہ 639 امیدواروں نے اپنی تعلیمی صلاحیت پانچویں سے بارہویں درجہ کے درمیان بتائی ہے۔ 836 امیدواروں کا کہنا ہے کہ انھوں نے گریجویٹ یا اس سے زیادہ کی پڑھائی کی ہے، جبکہ 77 امیدوار ایسے ہیں جنھوں نے ڈپلومہ حاصل کیا ہے۔ علاوہ ازیں 36 امیدواروں نے خود کو محض خواندہ بتایا ہے۔ 4 امیدواروں نے اپنی تعلیمی صلاحیت ظاہر نہیں کی ہے۔