برلن :15؍جولائی :اسپین نے ریکارڈ چوتھی بار یورو کپ فٹبال کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ برلن کے اولمپیا اسٹیڈیم میں اتوار کی رات دیر گئے کھیلے گئے فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی اسپین سب سے زیادہ چار مرتبہ یورو کپ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔90 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں اسپین کی جانب سے نیکو ولیمز (47ویں منٹ) اور متبادل کھلاڑی میکل اویرزبال (86ویں منٹ) نے گول داغے۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی جانب سے واحد گول کول پامر (73ویں منٹ) نے کیا۔اسپین نے 12 سال بعد یورو کپ جیت لیا۔ آخری بار 2012 میں جیتا تھا۔یورو کپ کے فائنل میں انگلینڈ کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل 2020 میں اسے اپنے میزبان ملک میں کھیلے گئے یورو کپ کے فائنل میں اٹلی سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔