اسٹوئنس کی آل راؤنڈ کارکردگی، آسٹریلیا نے عمان کو 39 رن سے دی شکست

0
24

برج ٹاؤن 6 جون (یو این آئی) ڈیوڈ وارنر (56)، مارکس اسٹونیس (67) کے ناٹ آؤٹ اور پھر 19 رن پر تین وکٹوں کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے ٹی-20 ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں عمان کو 39 رن سے شکست دے دی ہے۔165 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ ایک وقت اس نے 57 کے اسکور تک چھ وکٹ گنوا دیئے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ عمان کی ٹیم جلد ہی سمٹ جائے گی۔ ایسے وقت ایان خان اور مہران عمان نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ایان خان نے سب سے زیادہ 36 رن بنائے۔ اس کے بعد مہران خان نے 27 رن کی جدوجہد والی اننگز کھیلی۔
کپتان عاقب الیاس 18 اور شکیل احمد 11 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ٹیم کے سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 125 رن ہی بنا سکی اور 39 رن سے میچ ہار گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹونیس نے تین اوورز میں 19 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ مچل اسٹارک، نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بدھ کو باربڈوس کے کینسنگٹن اوول میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں تھی اور تیسرے ہی اوور میں ٹریوس ہیڈ (12) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ ٹریوس کو بلال خان نے خالد کیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان مچل مارش (14) بھی نویں اوور میں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اگلی ہی گیند پر محراب خان نے اپنا دوسرا وکٹ لیا اور گلین میکسویل (صفر) کو پویلین بھیج دیا۔ بحران کے ایسے وقت میں مارکس اسٹوئنس نے وارنر کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 102 رن کی شراکت ہوئی۔ ڈیوڈ وارنر 56 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آج کی اننگز کے ساتھ ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 3155 رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
انہوں نے ایرون فچ کا 3120 رن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہیں مارکس اسٹونیس نے 36 گیندوں پر دو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 67 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ 20ویں اوور کی آخری گیند پر ٹم ڈیوڈ (9) رن ​​آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا نے مقررہ 20 اووروں میں پانچ وکٹوں پر 164 رن بنائے۔ عمان کی جانب سے مہران خان نے دو وکٹ حاصل کیا جبکہ بلال خان اور کلیم اللہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔