بھوپال، 13 فروری (رپورٹر) بے روزگاری، جرائم اور بی جے پی کے سنکلپ پتر میں کئے گئے وعدے حکومت بننے پر پورا نہیں کرنے کے خلاف احتجاج میں اسمبلی کا گھیراؤ کرنے نکلے کانگریسیوں پر پولیس نے واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری اور یوتھ کانگریس کے قومی صدر شرینواس نے بھی اس تحریک میں حصہ لیا۔ اس دوران پولیس نے ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر ڈاکٹر وکرانت بھوریا سمیت 24 لیڈروں اور کارکنوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار رہنماؤں میں بھوریا سمیت تین کو جیل بھیج دیا گیا۔ باقی 21 رہنماؤں اور کارکنوں کو پولیس نے کچھ دیر بعد رہا کر دیا۔
منگل کو اسمبلی کا گھیراؤ کرنے سے پہلے کانگریس لیڈروں نے اسٹیج سے کارکنوں سے خطاب کیا۔ اس دوران کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری نے ریاستی حکومت پر جم کر نشانہ سادھا۔ اس کے بعد کانگریس کے ریاستی صدر دفتر سے جیتو پٹواری، لیڈر حزب اختلاف امنگ سنگھار، یوتھ کانگریس کے قومی صدر بی وی شرینواس، ریاستی یوتھ کانگریس صدر وکرانت بھوریا کی قیادت میں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کے لیے نکلے۔
مظاہرے کے پیش نظر پولیس نے راستے میں قلعے بندی کر رکھی تھی۔ جیسے ہی کارکنان اسمبلی کے لیے ریڈ کراس اسپتال کے سامنے شیواجی نگر چوراہے پر پہنچے تو پولیس نے رکاوٹیں لگا کر انہیں روک دیا۔ اس دوران ریاستی صدر جیتو پٹواری اور یوتھ کانگریس کے قومی صدر شرینواس نے بیریکیڈ عبور کرکے اسمبلی کی طرف جانے کی کوشش کی۔ پولیس نے انہیں روکنے کے لیے واٹر کینن اور آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا۔ اس دوران پولیس نے جیتو پٹواری سمیت کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔
سڑک حادثہ میں دو کی موت
اندور، 13 فروری:شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے ایک خاندان کی وین کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں وین میں سوار دو افراد کی موت ہو گئی۔ جبکہ دیگر زخمی ہوئے۔معلومات کے مطابق یہ حادثہ پیر کی دیر رات پیش آیا۔ وین میں سوار افراد مانگلیا کے رہنے والے ہیں۔ سبھی ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے حکم تلائی جا رہے تھے۔ اس دوران مکسی شاجا پور کے علاقے میں ٹرن لینے کے دوران ان کی وین کو ٹرک نے ٹکر مار دی۔ اس دوران وین کافی دور تک گھسیٹتی رہی۔ اس حادثہ میں وین ڈرائیور لالو گری اور وین میں سوار ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ وین میں رشیکا، ریا، کشن اور کومل سمیت دیگر بھی تھے۔ ہر کوئی زخمی ہے۔
زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ متوفی لالو ولد دودھ گری ساکن شری رام نگر مانگلیا کی لاش کا پوسٹ مارٹم ایم وائی اسپتال میں کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ لالو وین ڈرائیور تھا اور ان کے خاندان میں 6 بیٹیاں ہیں جن میں سے دو کی شادی ہو چکی ہے۔