نئی دہلی 15اپریل: ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ واضح رہے کہ ایران نے ایک روز قبل ایک اسرائیلی ارب پتی کے مال بردار جہاز کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا جس پر 17 ہندوستانی سوار تھے۔ خبروں کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے درمیان بات چیت ہوئی تھی، جس کے بعد ایران ہندوستانی افسران کو جہاز پر سوار لوگوں سے ملاقات کی اجات دینے پر رضامند ہوا ہے۔ اتوار (14 اپریل) کی شام کو ہوئی بات چیت میں ایران-اسرائیل کشیدگی کی وجہ سے پیدا شدہ حالات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس دوران ایران کے ذریعے قبضے میں لیے گئے جہاز پر موجود 17 ہندوستانیوں کی محفوظ واپسی پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے تہران سے مدد کی درخواست کی تھی۔ واضح رہے کہ خلیج عمان میں ہندوستان کی طرف آنے والے اسرائیلی ارب پتی ایال اوفر کے اس جہاز کو ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز کے قریب پکڑ لیا تھا۔ اس جہاز پر 17 ہندوستانی سوار تھے۔ پہلے اسرائیلی جہاز پر ہیلی کاپٹر سے حملہ کیا گیا اور اس کے بعد اسے ایرانی بحریہ نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس جہاز کا نام ایم ایس سی ایریز ہے اور اسے آخری بار جمعہ کو دبئی سے ہرمز کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ جہاز نے اپنا ٹریکنگ ڈیٹا بند کر دیا تھا۔ اسرائیلی بحری جہاز اس علاقے سے گزرتے وقت اکثر اپنا ٹریکنگ ڈیٹا بند کر دیتے ہیں۔