اروند کیجریوال نے ’جنتا کی عدالت‘ سے مودی حکومت پر کی شدید تنقید آر ایس ایس سے پوچھے 5 سوالات

0
1

نئی دہلی22ستمبر: دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ’جنتا کی عدالت‘ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکز کی این ڈی اے حکومت پر کڑی تنقید کی۔ اس دوران کیجریوال نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت سے پانچ سوالات بھی پوچھے، جو بنیادی طور پر مودی حکومت کے طریقہ کار اور آر ایس ایس کی خاموشی پر مرکوز تھے۔ کیجریوال نے اپنے پہلے سوال میں پوچھا کہ کیا آر ایس ایس اس بات سے متفق ہے کہ وزیر اعظم مودی سی بی آئی اور ای ڈی کا استعمال کر کے حکومتیں گرا رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار جمہوری اصولوں کے خلاف ہے اور آر ایس ایس جیسی تنظیم کو اس پر موقف اختیار کرنا چاہیے۔ ان کا دوسرا سوال یہ تھا کہ مودی جی نے کئی بدعنوان سیاست دانوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل کیا ہے۔ کیا آر ایس ایس اس عمل کی حمایت کرتی ہے؟ تیسرے سوال میں انہوں نے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا کہ کیا آر ایس ایس اس بیان سے ناخوش ہوئی یا نہیں؟ چوتھا سوال وزیر اعظم مودی کی عمر کے حوالے سے تھا، جس میں کیجریوال نے کہا کہ کیا 75 سال کا اصول مودی جی پر لاگو ہوگا یا نہیں؟ آخری اور پانچواں سوال میں کیجریوال نے آر ایس ایس کی ذمہ داری پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو آر ایس ایس کی ’کوکھ‘ سے پیدا ہونے والی جماعت سمجھا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ یہ آر ایس ایس کی ذمہ داری ہے کہ وہ بی جے پی کو درست راستے پر چلائے۔ کیجریوال نے پوچھا کہ کیا آپ (آر ایس ایس) آج کی بی جے پی کے اقدامات سے متفق ہیں اور کیا آپ نے کبھی مودی جی سے ان سب غلط کاموں کے بارے میں بات کی ہے؟