نئی دہلی21جولائی: عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے اتوار (21 جولائی) کو اروند کیجریوال کے حوالے سے ایک بار پھر بی جے پی و ایل جی پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی صحت کو نظر انداز کرنا دراصل مرکزی حکومت، بی جے پی اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے سکسینہ کی انہیں قتل کرنے کی سازش ہے۔ ایل جی ونے سکسینہ کی طرف سے دہلی کے چیف سکریٹری کو وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی صحت کے حوالے سے لکھے گئے خط پر عآپ ایم پی سنجے سنگھ نے کہا کہ آپ کیا مذاق کر رہے ہیں؟ کیا کوئی آدمی رات کو اپنی شوگر کم کرے گا جو کہ بہت خطرناک ہے۔ ایل جی صاحب اگر آپ کو وزیراعلیٰ کی بیماری کا علم نہیں تو آپ کو ایسا خط نہ لکھنا چاہئے۔ خدا نہ کرے کبھی آپ کے ساتھ بھی ایسا وقت آئے۔ سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال کی صحت کو لے کر غلط بیانات دیے جا رہے ہیں۔ کبھی ایل جی اور بی جے پی والے کہتے ہیں کہ اروند کیجریوال کھانا نہیں کھا رہے ہیں۔ وہ بھوکے رہ کر اپنا شوگر لیول کم کر رہے ہیں۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ جان بوجھ کر مٹھائی کھا کر اپنا شوگر لیول بڑھا رہے ہیں۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی، ملک کی حکومت اور دہلی کے ایل جی مل کر اروند کیجریوال کی زندگی سے کھیل رہے ہیں۔ انہیں جیل میں مارنے کی سازش رچی جا رہی ہے۔ عآپ کے ایم پی نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی میڈیکل رپورٹ سے بھی اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ وزیر اعلی کیجریوال کے ساتھ کسی بھی وقت جیل میں کوئی ناخوشگوار واقعہ ہو سکتا ہے۔ جس طرح سے ایل جی اور بی جے پی مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر سازش کر رہے ہیں، اس سے وزیر اعلیٰ کی صحت کے بارے میں شکوک و شبہات بڑھتے جا رہے ہیں۔