رانچی 10ستمبر: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین منگل کے روز پارٹی بدل کر بی جے پی میں شامل ہوئے چمپئی سورین کے علاقہ میں پہنچے۔ یہاں پر انھوں نے کہا کہ ریاست میں اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کو خریدنے اور پارٹی کو توڑنے کے لیے مرکزی وزیر گھومتے نظر آ رہے ہیں۔ اس طرح ہیمنت سورین نے بی جے پی پر اراکین اسمبلی و اراکین پارلیمنٹ کو خریدنے اور توڑنے کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور اپنی کابینہ میں ساتھی رہے چمپئی سورین کے اثر والے کولہان ڈویزن کے چانڈل میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مرکزی حکومت کے وزیر اور بی جے پی لیڈر ہماری ریاست میں اراکین اسمبلی و اراکین پارلیمنٹ کو خریدنے کے لیے گھوم رہے ہیں۔ یہ پیسے کی طاقت پر پارٹی کو توڑتے ہیں۔ کبھی بولتے ہیں کہ اتنے اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں، تو کبھی کہتے ہیں اتنے اراکین پارلیمنٹ ہمارے ساتھ ہیں۔‘‘ ہیمنت سورین نے بی جے پی کے خلاف حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عوام ان کو منتخب نہیں کرتی، یہ لوگ پیسے سے حکومت بناتے ہیں۔ ریاستی عوام کو ایسے لوگوں کو سبق سکھانے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ایسا لگتا ہے کہ پیسہ چھاپنے کی مشین ان لوگوں نے گھر میں رکھ لی ہے اور سوچتے ہیں کہ اس کی بدولت پورے ملک پر قبضہ کر لیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے جب 2019 میں حکومت بنائی، اس کے دوسرے دن ہی اسے گرانے کی سازش رچی جانے لگی۔ حکومت بننے کے بعد دو سال تک ہم کووڈ کے چیلنجز سے نبرد آزما رہے اور اس کے بعد دو سال تک مخالفین نے ہمارے پیچھے ای ڈی-سی بی آئی لگا دی۔ ہمیں لگاتار پریشان کرتے رہے۔ انھیں پسند نہیں ہے کہ میں ریاست کے غریبون، ضعیفوں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے کام کروں۔‘‘ جھوٹے الزامات میں جیل رسید کرنے کی بات کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سورین نے کہا کہ ’’ان کو معلوم نہیں ہے کہ یہ بہادروں کی زمین ہے۔ ہم گولی بندوق سے بھی نہیں ڈرتے تو جیل کا ڈر دکھا کر ہمارا کیا بگاڑ لیں گے۔‘