نئی دہلی 17اپریل: احمد آباد-وڈودرا ایکسپریس وے پر نڈیاڈ کے قریب ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وڈودرا کی جانب سے آنے والی ماروتی ارٹیگا کار نے روڈ پر کھڑے ٹریلر کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ یہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور کار چپٹی ہو گئی۔ حادثہ کے فوراً بعد دو ایمبولینس اور ایکسپریس ہائی وے کی پٹرولنگ ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ حادثے کے بعد وڈودرا-احمد آباد ایکسپریس ہائی وے پر جام لگ گیا۔ یہ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ لاشوں کو نکالنے کے لیے ارٹیگا کار کو کاٹنا پڑا۔ کار کے ٹکرانے کے نتیجے میں کار میں سوار 10 لوگوں میں سے 8 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ 2 لوگوں کوشدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، لیکن انھوں نے بھی دم توڑ دیا۔
حادثے کی شکار ہونے والی کار احمد آباد کی پاسنگ ہے اور اس کا رجسٹریشن نمبر GJ27 EC 2578 ہے۔ فی الحال مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے کار نمبر اور آدھار کارڈ کی تفصیلات کی بنیاد پر مرنے والوں کی شناخت کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس حادثے کے بعد کھیڑا کے ایس پی راجیش گڈھوی کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے وڈودرا-احمد آباد ایکسپریس وے پر ایک ٹینکر کھڑا تھا۔ ایک کار جس میں 10 افراد جا رہے تھے، کھڑے ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس میں سے 8 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی موت ہوگئی۔ انتظامیہ نے پہنچ کر فوری طور پر لاشوں کو گاڑی سے نکال لیا اور مزید قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔