کوبے، 25 مئی (یو این آئی) ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر رہنے والے سری لنکا کے دنیش پریانتھا ہیراتھ کے خلاف درج کرائے گئے احتجاج کو درست پائے جانے پر ہندوستان کو مردوں کے جیولن تھرو ایف 46 مقابلے میں چاندی اور کانسہ کا تمغہ حاصل ہوا ہے۔ جمعہ کو مردوں کے ایف 46 جیولن تھرو فائنل میں ہندوستان کے رنکو ہڈا تیسرے اور اجیت سنگھ چوتھے نمبر پر رہے تھے لیکن ہندستان کی جانب سے دوسرے نمبر پر آنے والے سری لنکائی کھلاڑی ہیراتھ کے خلاف احتجاج درج کرانے کے بعد کی گئی تحقیقات میں پتہ چلا کہ سری لنکن کھلاڑی اس زمرے میں حصہ لینے کے لیے نااہل تھے۔
ہندوستانی پیرا اولمپک کمیٹی کے ایک اہلکار نے کہا کہ “ہیراتھ کو مناسب طریقے سے درجہ بندی نہیں کیا گیا تھا اور وہ ایونٹس کے ایف 46 زمرے سے نہیں تھے۔ فیصلہ ہندستان کے حق میں آیا اور ہیراتھ کو نااہل قرار دے دیا گیا۔ جس کے بعد رنکو 62.77 میٹر کی کوشش کے ساتھ تیسرے نمبر سے دوسرے نمبر پر آگئے۔ جبکہ اجیت (62.11 میٹر) کو کانسہ کا تمغہ دیا گیا۔ ان تمغوں کے ساتھ ہندوستان پانچ سونے، پانچ چاندی اور چار کانسہ سمیت کل ملاکر 14 تمغے جیت کر تمغوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔