نئی دہلی 26دسمبر:لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے نوجوانوں پر لاٹھی چارج کرا رہی ہے۔ دراصل بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کی جانب سے 13 دسمبر کو منعقد مشترکہ ابتدائی امتحان کی منسوخی کا مطالبہ کر رہے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’’میں نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ جس طرح ایکلویہ کا انگوٹھا کٹوایا گیا تھا اسی طرح پیپر لیک کر کے نوجوانوں کا انگوٹھا کاٹا جاتا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال بہار ہے۔
بی پی ایس سی کے امیدوار پیپر لیک کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور امتحان کو رد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن این ڈی اے کی حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے الٹا طالب علموں پر ہی لاٹھی چارج کروا رہی ہے۔ یہ بے حد شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ طالب علموں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم ان کے ساتھ ہیں اور انہیں انصاف دلان کے کے لیے لڑیں گے۔‘‘ دوسری جانب صوبہ بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو، کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی اور آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو سمیت کئی اپوزیشن سیاسی لیڈران نے بھی پولیس کی کارروائی کی مذمت کی ہے۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے کہا کہ ’’پولیس کو احتجاج کر رہے طلباء پر لاٹھی چارج نہیں کرنا چاہیے تھا۔ غلط بات ہے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’حکمراں جماعت کا واحد مقصد اپنی کرسی بچانا ہے ہے اور جو بھی روزگار مانگتا ہے اسے دبایا جاتا ہے۔‘‘