دہرادون4مارچ: ریاستی حکومت نے پیر کو اتراکھنڈ میں بدامنی پھیلانے والوں پر شکنجہ کسنے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھایا۔ فساد اور بدامنی کے دوران سرکاری املاک کے نقصان کی وصولی اب نقصان پہنچانے والوں سے کی جائے گی۔ اس کے لیے کلیمز ٹریبونل بھی تشکیل دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی صدارت میں آج ہوئی میٹنگ میں کابینہ نے اس سے متعلق قانون بنانے کی منظوری دی۔ ہڑتال، بند، فساد یا احتجاج، مظاہرے وغیرہ کے دوران مظاہرین عوامی املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس سے سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان ہوتا ہے۔ اس کی تلافی کے لیے ابھی تک اتراکھنڈ میں کوئی ٹھوس نظام نہیں تھا۔ اتراکھنڈ حکومت اب فساد اور بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ اس سلسلے میں آج ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ لیا گیا۔ اس کے تحت سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے پرمقدمہ درج ہونے کی صورت میں سرکل آفیسر اپنی رپورٹ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ کو بھیجے گا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے تشکیل کردہ کلیمز ٹریبونل کورٹ کمشنر کے ذریعے نقصان کا اندازہ لگائے گا۔ جس کے بعد متعلقہ شخص سے اس قانون کے تحت ریکوری کی جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا، ” فسادات اور بدامنی کے معاملات میں سختی سے روک لگانے کے مقصد سے آج کابینہ کی میٹنگ کے دوران ایک خصوصی ٹریبونل کی تشکیل کی کابینہ نے منظوری دی ہے۔ فسادات کے دوران سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان کی وصولی فسادیوں سے کی جائے گی۔ ریاست کا امن خراب کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی اور ایسی مثال قائم کریں گے کہ دیو بھومی کی مقدس سرزمین کو داغدار کرنے والے فسادیوں کی نسلیں بھی برسوں یاد رکھیں گی۔