نئی دہلی 7فروری: امریکہ میں ناجائز طریقے سے مقیم ہندوستانیوں کو جس طرح وطن واپس بھیجا گیا ہے، اس نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کو حیران کر دیا ہے۔ خصوصاً کانگریس نے تو اس معاملے میں آج ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ گزشتہ دنوں 104 ہندوستانیوں کو ایک طیارہ میں ہتھکڑی پہنا کر امریکہ سے وطن واپس بھیجا گیا۔ کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے اس واقعہ پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے تلخ انداز میں سوال کیا ہے کہ ’’اب کسی کا خون اُبال نہیں مار رہا؟ اب کسی کی حب الوطنی نہیں جاگ رہی ہے؟ اب کسی کو دقت نہیں ہو رہی ہے؟‘‘ سپریا شرینیت نے اپنا ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا ہے جسے کانگریس نے اپنے آفیشیل ایکس ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ اس میں سپریا کہتی نظر آ رہی ہیں کہ ’’ہندوستانیوں کو امریکہ زنجیروں میں باندھ کر ہتھکڑیاں پہنا کر بھیج رہا ہے۔ ہمارے ملک کی خواتین تک کو زنجیر میں باندھا گیا۔ ایک ناکارہ حکومت کے ساتھ ساتھ وہ سب لوگ جو اس پر یا تو خاموش ہیں، یا آنکھیں موند لی ہیں، یا اس کو درست ٹھہرا رہے ہیں آپ کا پاکھنڈ اور فرضی حب الوطنی دیکھ کر تکلیف نہیں ہوتی بلکہ غصہ آتا ہے۔ حب الوطنی کی باتیں کرنے والوں، اگر اپنے ساتھی ہندوستانیوں کے ساتھ یہ ہوتا دیکھ کر تم خوش ہو رہے ہو یا درست ٹھہرا رہے ہو تو خاک محبت کرتے ہو تم اس ملک سے۔‘‘ وہ مزید تلخ انداز اختیار کرتی ہوئی کہتی ہیں کہ ’’بھارت ماتا کی جئے بولنے والوں، وہ ’جئے‘ ندی، نالوں، پیڑ، پہاڑوں، گاؤں، شہر سے کہیں زیادہ ہر ایک ہندوستانی کی ہے۔ کرکٹ میچ میں انڈیا-انڈیا چیخنے سے یا جرسی پہننا بھر ہی حب الوطنی نہیں ہے۔ اپنے ملک کے لوگوں کے ساتھ اگر غلط ہو تو اس کے خلاف بولنا حب الوطنی ہے۔‘‘