ممبئی 18مارچ:نریندر مودی کے پروگرام امیروں کے لیے ہیں جبکہ کانگریس کے پروگرام غریبوں اور بے سہاروں کے لیے ہیں۔ بی جے پی رہنما تکبر میں ڈوب کر لوگوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ملک 2014 میں آزاد ہوا ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں وہ نہرو و امبیڈکر کی خدمات کا انکار کرتے ہیں۔ راہل گاندھی نے جس شکتی کا ذکر کیا ہے وہ آر ایس ایس و منوواد کی شکتی ہے اور یہ شکتی لوگوں کو تباہ کردینا چاہتی ہے۔ یہ باتیں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے ممبئی کے دادر میں واقع شیواجی پارک میں انڈیا الائنس کے عظیم الشان و تاریخی جلسۂ عام میں کہیں۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے مزید کہا کہ ممبئی ایک بڑا اور طاقتور شہر ہے اور پوری دنیا کی نظریں ممبئی پر ہیں۔ یہ چھترپتی شیواجی مہاراج، شاہو مہاراج و مہاتما پھلے کی سرزمین ہے اور یہاں سے اٹھنے والا ہر نظریہ اور ہر سوچ پورے ملک میں پہنچتا ہے اور لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ انہوں کہا کہ لوگوں کو سوچنا چاہئے کہ مودی نے کتنی گارنٹیاں دیں اور ان میں سے کتنی پوری کیں۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ آج ملک میں جمہوریت اور آئین کو زبردست خطرہ لاحق ہے، ان کاتحفظ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آئین کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے لیکن اگر اس کی کوشش بھی کئی تو ملک میں اس کے خلاف زبردست طوفان کھڑا ہوجائے گا۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد چندر پوار کے قومی صدر شرد پوار نے اپنے خطاب میں بی جے پی و مودی حکومت پر زبرد ست تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ اقتدار میں ہیں انہوں نے خواتین، کسانوں، مزدوروں، قبائلیوں، دلتوں سے کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔
یہ ڈھیر سارے وعدوں کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے، مگر ان وعدوں میں سے وہ کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کرسکے۔